لندن29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم برطانیہ بورس جانسن کی جانب سے پارلیمنٹ کو معطل کرنے کے فیصلے کے خلاف لندن سمیت کئی برطانوی شہروں میں احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے ہیں۔ اس متنازعے فیصلے کے خلاف آن لائن مہم پہلے ہی شروع کردی گئی تھی جس میں چند گھنٹوں کے میں دس لاکھ سے زائد لوگ شامل ہو گئے۔ پارلیمنٹ کی کارروائی میں جبری وقفے کی تجویز نے لوگوں کو سخت تشویش میں مبتلا کر رکھا ہے۔ یہاں پارلیمنٹ اور وزیر اعظم کی رہائش گاہ کے سامنے بڑے پیمانے پر عوامی مظاہرے کئے گئے ۔ واضح رہے کہ بورس جانسن بریگزٹ سے قبل وسط اکتوبر تک پارلیمنٹ کی محدود معطلی کا اعلان کر چکے ہیں۔ پارلیمانی ارکان اور معاہدے کے بغیر یورپی یونین سے برطانیہ کے نکلنے ‘نو ڈیل بریگزٹ’ کے مخالفین نے اس پر شدید ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔ برطانیہ 31 اکتوبر کو یورپی یونین سے نکل رہا ہے۔
