برطانوی پاسپورٹ رکھنے والوں کیلئے اہم خبر

   

لندن، 23 ستمبر (یو این آئی) برطانوی دفترخارجہ نے اپنے ملک کے پاسپورٹ ہولڈرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر کرتے ہوئے ‘بیک اپ پلان’ بھی ساتھ رکھیں۔ غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی دفتر خارجہ نے اپنے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بیرون ملک سفر کرتے وقت اپنی شناخت کے حوالے سے ‘بیک اپ پلان’ رکھیں، یوکے سے نکلتے وقت مسافروں کے پاس دو ضروری دستاویزات لازمی ہوں۔ محکمے نے کہا کہ اگرچہ پاسپورٹ کلیدی حیثیت رکھتا ہے ، تاہم برطانوی پاسپورٹ ہولڈرز کو شناخت کی کوئی دوسری دستاویز بھی ساتھ لے جانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ غیر ملکی سفری چیک لسٹ میں کہا گیا ہے کہ اپنے پاسپورٹ کے علاوہ فوٹو آئی ڈی کا ایک اضافی فارم بھی اپنے ساتھ رکھا جائے تاکہ ہنگامی صورتحال میں شناخت میں آسانی ہوسکے ۔ برطانوی دفترخارجہ کی ہدایت کے مطابق باہر چھٹیاں گزارنے والوں اور کاروباری شخصیات کو بھی مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ایک ہنگامی یا ’’بیک اپ پلان‘‘ اپنے ساتھ رکھیں۔