برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر اینڈریو فلیمنگ تلنگانہ کی ترقی سے متاثر

   


31 اضلاع کا دورہ کرچکا ہوں، نائب صدرنشین پلاننگ بورڈ ونود کمار سے ملاقات
حیدرآباد۔ برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر برائے تلنگانہ ڈاکٹر اینڈریو فلمینگ نے آج نائب صدرنشین منصوبہ بندی بورڈ بی ونود کمار سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈپٹی ہائی کمشنر کی مشیر برائے سیاسی و معاشی اُمور این رگھورامن موجود تھیں۔ تلنگانہ کی ترقی بالخصوص ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ کوویڈ19 کے بعد ریاست کی معاشی صورتحال کے بارے میں ڈپٹی ہائی کمشنر نے استفسارات کئے۔ ونود کمار نے کورونا صورتحال سے اُبھرنے کے بعد معیشت کو بہتر بنانے کے علاوہ زراعت، برقی اور پانی کی سربراہی کے معاملہ میں ریاست میں ہوئی پیشرفت سے واقف کرایا۔ ڈپٹی ہائی کمشنر نے مختلف شعبوں میں تلنگانہ کی غیر معمولی ترقی کو سراہا۔ ونود کمار نے ریاست میں مختلف ترقیاتی اسکیمات، پراجکٹس اور فلاحی اسکیمات کی تفصیلات سے برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر کو واقف کرایا۔ انہوں نے ریاست کی ترقی سے متعلق دستاویزی نوٹ بھی حوالے کیا۔ برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر نے کہا کہ وہ تلنگانہ میں عمل کی جارہی مختلف اسکیمات سے بے حد متاثر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے 33 اضلاع میں سے وہ 31 اضلاع کا دورہ کرچکے ہیں۔