تاریخی عمارت کے فن تعمیرسے متاثر ، قرآن مجید کا تحفہ پیش کیا گیا
حیدرآباد: ہندوستان میں برطانوی ہائی کمشنر الیکس الیس اور تلنگانہ اور آندھراپردیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر اینڈریو فلیمنگ نے آج تاریخی مکہ مسجد کا دورہ کیا اور مسجد کے مختلف حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے فن تعمیر کی ستائش کی۔ برطانوی عہدیداروں نے سلاطین آصفی کے مقبرہ اور مزارات کی بھی زیارت کی ۔ دونوں عہدیدار تقریباً ایک گھنٹہ تک مسجد میں رہے اور 400 سالہ قدیم اس تاریخی مسجد کی تاریخ کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد عبدالقدیر صدیقی نے برطانوی سفارتی عہدیداروں کو مسجد کا معائنہ کرایا۔ انہوں نے دونوں عہدیداروں کی شال پوشی کی اور قرآن مجید کا تحفہ پیش کیا ۔ عہدیداروں نے قرآن مجید کے انگریزی ترجمہ کا مطالعہ کرنے میں اپنی دلچسپی ظاہر کی ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے برطانوی سفارتی عہدیداروں نے تاریخی مسجد کے معائنہ پر مسرت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد تاریخی شہر ہے اور یہاں تاریخی عمارتوں نے شہر کی عظمت رفتہ میں اضافہ کیا ہے ۔ مکہ مسجد کے طرز تعمیر اور بیک وقت سینکڑوں افراد کیلئے نماز کی سہولت کے بارے میں سفارتی عہدیداروں نے سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد سے تفصیلات حاصل کیں۔ سپرنٹنڈنٹ نے مسجد کی مکمل تاریخ اور تزئین نو کے جاریہ کاموں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ رمضان المبارک تک مسجدکے تمام اہم مرمتی کام مکمل کرنے کا منصوبہ ہے۔