اسلام آباد : پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ امریکہ، برطانیہ اور کینیڈا سے آنے والے سکھ عقیدت مندوں کو 30 منٹ کے اندر مفت آن لائن ویزا دیا جائے گا۔ نقوی کے تبصرے جمعرات کو لاہور میں سکھ یاتریوں کے 44 رکنی غیر ملکی وفد سے ملاقات کے بعد سامنے آئے ہیں۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق وزیر نے سکھ یاتریوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ماضی میں سکھ یاتریوں کو پاکستان کے سفر کے دوران مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ نقوی نے کہا کہ حکومت نے سکھوں کیلئے ویزا کے عمل کو آن لائن بنا کر آسان بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ، کینیڈا اور برطانیہ کے پاسپورٹ رکھنے والے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں اور بغیر کسی معاوضے کے 30 منٹ کے اندر اپنے ویزے حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سہولت ان ممالک میں رہنے والے ہندوستانی نژاد سکھوں کو بھی دستیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سکھ برادری کو مزید سہولیات فراہم کرنا ان کی حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان میں سکھوں کے بہت سے ورثے درشن کیلئے کھولے جائیں گے اور اجازت نامہ کی ضرورت نہیں ہوگی۔ نقوی نے نوجوان نسل کو راغب کرنے پر خصوصی زور دیتے ہوئے پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کی تعداد ایک لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ سالانہ کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ نقوی نے یہ بھی بتایا کہ حکومت پاکستان نے 124 ممالک کے شہریوں کیلئے مفت ویزا کی سہولت متعارف کرائی ہے۔