برطانیہ۔فرانس: یوکرین میںجنگ بندی کے بعد فوج تعیناتی معاہدہ

   

Ferty9 Clinic

لندن / پیرس : 7جنوری ( ایجنسیز ) برطانیہ اورفرانس نے یوکرین میں ممکنہ امن معاہدے کی صورت میں اپنی افواج تعینات کرنے پر اتفاق کرلیا۔اس حوالے سے یوکرین کے صدر زیلنسکی، فرانس کے صدر میکرون اور برطانوی وزیراعظم اسٹارمرنے معاہدہ پر دستخط کردیے جس کا مقصد یوکرین کی سلامتی کو یقینی بنانا اور روس کی جانب سے کسی بھی نئے حملے کو روکنا ہے۔پیرس میں ہونے والے اجلاس کے بعد جاری مشترکا اعلامیے کے مطابق روس یوکرین امن معاہدے کی صورت میں یوکرین کے لیے ایک کثیر الملکی فورس تشکیل دی جائے گی جو سکیورٹی ضمانتوں کو مضبوط بنائے گی۔برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے کہا کہ اس فورس کی تعیناتی سے یوکرینی مسلح افواج کو اپنی طاقت بحال کرنے اور دفاعی صلاحیت بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے پیشرفت کو امن کی جانب اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف اسی صورت میں ممکن ہوگا جب روس کے ساتھ جنگ ختم ہوجائیگی۔امریکی حکام نے بھی معاہدے کو مثبت پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ کثیرالملکی فورس کی تعیناتی سے روس کو دوبارہ حملہ کرنے کا موقع نہیں ملے گا۔یاد رہے کہ برطانوی وزیراعظم اس سے قبل بھی امن معاہدہ کے بعد یوکرین میں برطانوی افواج کی تعیناتی کا اشارہ دے چکے ہیں تاہم اس نئے معاہدے کے بعد برطانوی اور فرانسیسی افواج کی یوکرین میں کارروائی کے لیے باقاعدہ قانونی فریم ورک فراہم کر دیا گیا۔