برطانیہ : اسکولوں میں موبائل فون پر عنقریب مکمل پابندی !

   

لندن: انگلینڈ میں طلبہ کو جلد ہی اسکولوں میں اپنے موبائل فون کے استعمال پر پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ برطانوی وزیر تعلیم گیلین کیگن کے تیار کردہ منصوبوں کے تحت سکولوں میں موبائل فون پر پابندی عائد کی جارہی ہے۔ اس کا مقصد کلاسز کے دوران متوجہ رہنے کی سطح کو بہتر بنانا ہے۔وزیرتعلیم نے مانچسٹر میں منعقد ہونے والی کنزرویٹو پارٹی کی کانفرنس کے دوران اس سلسلے میں اعلان کیا۔ انہوں نے سکول کے سربراہوں سے تعطیل کے دوران بھی اس پابندی پر عمل درآمد کرانے کا کہا۔اس تناظر میں کیگن نے کہا کہ سیل فون سکولوں میں خلفشار کا بڑھتا ہوا ذریعہ بنتا جا رہا ہے بعض صورتوں میں موبائل فون طلبہ میں غنڈہ گردی کا ذریعہ بھی بن رہا ہے۔واضح رہے کچھ سکولوں میں موبائل فون کے استعمال کو محدود کرنے کے کئی اقدامات پہلے سے کئے گئے ہیں۔اسی حوالے سے حکومت نے تعلیمی اداروں کے ڈائریکٹرز کی مزید حوصلہ افزائی کی ہے۔نئے رہنما خطوط کے تحت طلبہ اب بھی اپنے موبائل فون سکول لے جانے کے قابل ہوں گے۔ وہ سکول جاتے اور واپسی کے دوران موبائل فون استعمال کر سکیں گے۔