لندن، 11 جولائی (یو این آئی)غیرقانونی تارکین وطن سے نمٹنے کیلئے برطانیہ اور فرانس میں معاہدہ طے پاگیا، انگلش چینل سے غیر قانونی طور پر برطانیہ آنے والوں کو واپس بھیجا جائے گا۔لندن میں فرانسیسی صدر نے کیئر اسٹارمر سے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے غیرقانونی طور پر برطانیہ میں داخل ہونے والوں کے خلاف کارروائی پر بات چیت کی اور ’ون اِن، ون آؤٹ‘ اسکیم پر اتفاق کیا۔ برطانوی وزیرِ اعظم سرکیئر اسٹارمر نے کہا کہ معاہدے کے تحت چھوٹی کِشتیوں سے آنے والے غیر قانونی تارکینِ وطن کو حراست میں لیکر واپس فرانس بھجوا دیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ صرف ان کو آنے کی اجازت ہوگی جنہوں نے غیرقانونی طریقہ استعمال نہ کیا ہو، پائلٹ اسکیم کے تحت ہر ہفتہ 50 افراد کو سمندر کے راستے فرانس واپس بھیجا جائے گا، صرف حقیقی پناہ گزینوں کو قبول کریں گے ۔فرانسیسی صدر نے کہا کہ نارتھ ووڈ ڈیکلیریشن کے بعد ہمارے مخالفین کو علم ہو گا کہ کسی ایک پر حملے کا جواب دونوں ممالک دیں گے ۔اس موقع پر فرانسیسی صدر میکرون نے برطانیہ اور فرانس کی طرف سے فلسطینی ریاست تسلیم کرنے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کیلئے سیاسی سرگرمی کا آغاز کرنا چاہیے ۔