برطانیہ سے آئے 1200 مسافرین پر نظر

   

Ferty9 Clinic

ٹسٹ و کورنٹائن کا فیصلہ، ہر ضلع میں محکمہ صحت کے عہدیدار متحرک
حیدرآباد: تلنگانہ میں محکمہ صحت برطانیہ سے آنے والے مسافرین پر نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ برطانیہ میں منظر عام پر آئے نئے مہلک وائرس کے اثرات کا پتہ چلایا جاسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ حالیہ عرصہ میں تلنگانہ کو 1200 مسافرین برطانیہ سے واپس ہوئے ۔ ان کا تعلق مختلف اضلاع سے ہے، لہذا محکمہ صحت ہر ضلع میں ان کا پتہ چلانے کوشش کر رہا ہے۔ ایسے افراد کی نشاندہی کرکے نہ صرف ان کا ٹسٹ کیا جائے گا بلکہ انہیں خصوصی آئسولیشن سنٹرس منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ محکمہ صحت نے تمام ضلع کلکٹرس اور محکمہ صحت کے حکام کو چوکسی کی ہدایت دی ہے۔ برطانیہ سے واپس افراد اور افراد خاندان کی صحت پر نظر رکھی جائیگی ۔ 9 ڈسمبر کے بعد تلنگانہ پہنچنے والے افراد میں نئے وائرس کا اندیشہ ہے ۔ ملک کی بعض ریاستوں میں برطانیہ سے واپس افراد میں کورونا پازیٹیو پایا گیا جس کے بعد حکومت نے چوکسی اختیار کرلی ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ تلنگانہ میں ابھی تک نئے وائرس کا پتہ نہیں چلا جس پر محکمہ صحت نے اطمینان کا اظہار کیا ، تاہم ماہرین کے مطابق برطانیہ سے واپس افراد میں10 دن تک نئے وائرس کی علامات منظر عام پر آسکتی ہیں۔ وزیر صحت ای راجندر نے جائزہ اجلاس منعقد کرکے نئے وائرس کے بارے میں شعور بیداری کی ہدایت دی ۔ حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر بیرونی مسافرین خاص طور پر برطانیہ اور ساؤتھ افریقہ سے آنے والوں پر نگاہ رکھی جائے گی ۔ حکام نے دیگر انٹرنیشنل مسافرین کی صحت پر بھی نظر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ایسے مسافرین جو کورونا ٹسٹ رپورٹ کے بغیر پہنچ رہے ہیں، انہیں لازمی طور پر کورنٹائن کیا جائے گا۔