ٹسٹ اور کورنٹائن کیا جائیگا، تلنگانہ نئے وائرس سے محفوظ، ڈائرکٹر پبلک ہیلت کا انکشاف
حیدرآباد۔ برطانیہ میں کورونا کی طرح مہلک وائرس کے منظر عام پر آنے کے بعد ہندوستان کی دیگر ریاستوںکی طرح تلنگانہ حکومت نے بھی سخت چوکسی اختیار کرلی ہے اور برطانیہ سے آنے والے افراد پر نظر رکھی جارہی ہے۔ ریاستی وزارت صحت نے 15 تا 23 ڈسمبر برطانیہ سے حیدرآباد پہنچنے والے 358 مسافرین کی نشاندہی کی ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں برطانیہ سے پہنچنے والے 7 افراد کا حیدرآباد میں آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کیا گیا جو منفی رہا۔ باوجود اس کے ان تمام کو کورنٹائن رکھا گیا ہے۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر سرینواس نے بتایا کہ محکمہ صحت برطانیہ سے پہنچنے والے 358 مسافرین کا پتہ چلانے کی کوشش کررہا ہے تاکہ ان کا آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کیا جائے اور انہیں کورنٹائن کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نئے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ٹسٹ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ برطانیہ سے آنے والے مسافرین کے بارے میں اطلاع کیلئے کال سنٹر قائم کیا گیا جس کا نمبر 040-24651119 ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے وائرس سے بڑی تعداد میں عوام کے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے وائرس سے اگرچہ بڑے پیمانے پر نقصانات کے امکانات کم ہیں تاہم حکومت نے چوکسی کو برقرار رکھا ہے۔ ریاست میں کورونا وائرس کی صورتحال قابو میں ہے اور کورونا ویکسین کے تحفظ کیلئے کولڈ اسٹوریج قائم کئے گئے جہاں 3 کروڑ ویکسین کو محفوظ کیا جاسکتا ہے۔ برطانیہ کے علاوہ آفریقہ میں بھی نئے طرح کا کورونا وائرس منظر عام پر آیا۔ مرکزی حکومت نے بیرونی مسافرین پر کڑی نظر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرینواس راؤ نے بتایا کہ برطانیہ سے پہنچنے والے حالیہ مسافرین کی صحت پر مسلسل نظر رکھی جائے گی۔ کورونا منفی رپورٹ آنے کے باوجود انہیں کم از کم ایک ہفتہ کیلئے کورنٹائن رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے وائرس کے تیزی سے پھیلنے کی اطلاعات ہیں تاہم اس سے بڑے پیمانے پر اموات کی توثیق نہیں ہوئی ہے۔ اس وائرس کی علامات بھی طبی اعتبار سے معمولی نوعیت کی ہیں جن پر بہ آسانی قابو پایا جاسکتا ہے۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت نے کہا کہ نیا وائرس تلنگانہ میں داخل نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ تہواروں کے موقع پر سخت چوکسی اختیار کریں۔ عید اور تہوار اپنے افراد خاندان کے ساتھ منائیں۔ تلنگانہ میں برطانیہ سے آنے والے مسافرین کی جانچ کے لئے ہیلپ لائین قائم کیا جس کا نمبر 040-2465199 ہے۔ حیدرآباد میں محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں نے بتایا کہ برطانیہ سے آنے والے 358 مسافرین میں نئے وائرس کی جانچ کیلئے انہیں نگرانی میں رکھا جائے گا۔
