حیدرآباد : برطانیہ سے تلنگانہ واپس ہونے والے مزید 9 افراد کورونا پازیٹیو قرار پائے ہیں۔ اس طرح اب تک برطانیہ سے واپس ہونے والے کورونا کے 16 پازیٹیو کیسوں کا پتہ چلا ہے ۔ ڈائرکٹر عوامی صحت ڈاکٹر سرینواس راو نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ ان متاثرین کے نمونوں کو سی سی ایم بی روانہ کیا گیا ہے تاکہ یہ پتہ چلایا جاسکے کہ آیا ان میں برطانیہ میں پھوٹ پڑے وائرس کی نئی شکل تو موجود نہیں ہے ۔ ڈاکٹر سرینواس راو نے بتایا کہ جو لوگ متاثر ہوئے ہیں انہیں مختلف دواخانوں کے خصوصی وارڈز میں رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت کی جانب سے ان متاثرین کے رابطوں میں آنے والے 76 افراد کا بھی علاج کیا جا رہا ہے ۔ ان افراد کو قرنطینہ کردیا گیا ہے اور ان کی صحت پر خاص نظر رکھی جا رہی ہے ۔ محکمہ صحت نے کچھ ممالک میں کورونا وائرس کی نئی شکل کو دیکھتے ہوئے سخت چوکسی اختیار کرلی ہے اور ہر طرح کی احتیاط برتی جا رہی ہے ۔ برطانیہ سے واپس ہونے والے مریضوں کا پتہ چلایا جا رہا ہے اور ان کے معائنے کئے جا رہے ہیں۔ ضرورت پڑنے پر ان کا علاج بھی کیا جا رہا ہے ۔ عہدیداروں کے بموجب اب تک برطانیہ سے 1200 افراد تلنگانہ آئے ہیں۔