برطانیہ سے 8 تا 30 جنوری آنے والے مسافرین کا ائرپورٹ پر کورونا ٹسٹ ہوگا

,

   

اندرون 72 گھنٹوں کی نگیٹیو رپورٹ بھی ساتھ لانی ہوگی ،نئے کورونا اسٹرین کے پھیلاو کو روکنے مرکز کے سخت رہنما خطوط
نئی دہلی :وزارت صحت نے آج کہا کہ 8 جنوری سے 30 جنوری کے درمیان برطانیہ سے ہندوستان آنے والے تمام مسافرین کو اپنے خرچ پر لازمی کورونا ٹسٹ کروانا ہوگا ۔ وزارت کی جانب سے آج یہ احکام جاری کئے گئے ۔ اس کے علاوہ برطانیہ سے آنے والے ہر مسافر کو سفر سے 72 گھنٹے قبل کا کورونا نگیٹیو رپورٹ بھی ساتھ لانا ہوگا ۔ حکومت کی ہدایات میںیہ بات بتائی گئی ہے ۔ ہندوستان نے برطانیہ سے آنے اور برطانیہ جانے والی تمام پروازوں کو 23 تا 31 ڈسمبر کے درمیان بند کردیا تھا کیونکہ برطانیہ میں نئے طرز کے کورونا وائرس نے خوف و دہشت مچائی ہوئی ہے ۔ کہا جا رہا ہے کہ کورونا کا نیا اسٹرین سابقہ وائرس سے زیادہ خطرناک ہے اور یہ بہت تیزی سے پھیلتا جا رہا ہے ۔ حکومت نے بعد ازاں برطانیہ سے آنے والی پروازوں پر امتناع کو 7 ڈسمبر تک توسیع دیدی تھی ۔ کہا جا رہا ہے کہ 8 جنوری سے ہندوستان اور برطانیہ کے مابین پروازوں کو بحال کیا جائیگا اور ہر ہفتے صرف 30 پروازوں کی اجازت دی جائے گی ۔ تعداد کی پابندی 23 جنوری تک برقرار رہے گی ۔ وزیر شہری ہوابازی ہردیپ سنگھ پوری نے جمعہ کو یہ بات بتائی تھی ۔ وزارت صحت نے آج جاری کردہ اپنے رہنما خطوط میں کہا ہے کہ جو ائر لائینس ہندوستان و برطانیہ کے درمیان پروازیں چلائیں گے ان کیلئے ضروری ہوگا کہ کسی مسافر کو طیارہ میں سوار ہونے کی اجازت دینے سے قبل اس کی کورونا نگیٹیو رپورٹ حاصل کرلیں۔ مزید کہا گیا ہے کہ ائرپورٹ پر جو مسافرین اپنے آر ٹی ۔ پی سی آر ٹسٹ کے انتظار میں ہونگے ان کیلئے بھی موثر اور مناسب انتظامات کئے جائیں گے ۔ کہا گیا ہے کہ جو مسافرین ائرپورٹس پر ٹسٹ کے دوران کورونا پازیٹیو قرار پائیں گے ان کو کسی ہاسپٹل میں آئسولیٹ کرنے کے انتظامات بھی کئے جانے چاہئیں اور اس سلسلہ میں ریاستی محکمہ صحت کے حکام سے اشتراک کیا جانا چاہئے ۔ کہا گیا ہے کہ اگر مسافرین میں کورونا وائرس کے نئے اسٹرین کے آثار یا علامتیں پائی جائیں تو انہیں پھر علیحدہ آئسولیشن یونٹ ہی میں رکھنا ہوگا ۔ مسافرین میں کوئی کورونا پازیٹیو قرار پاتا ہے تو اس کے علاج اور 14 دن بعد دوبارہ اس کا ٹسٹ کیا جائیگا ۔ مسافرین کو اپنی ٹسٹ رپورٹ نگیٹیو آنے تک آئسولیشن ہی میں رہنا ہوگا ۔ اگر کوئی مسافر کورونا پازیٹیو قرار پاتا ہے تو مسافر کی قطار میں بیٹھنے والے اور اس کے آگے اور پیچھے کی تین تین قطاروں میں سفر کرچکے مسافرین کو بھی علیحدہ سرکاری کورنٹائن مراکز میں قرنطینہ کردیا جائیگا ۔ جو مسافرین ائرپورٹس پر کئے جانے والے کورونا ٹسٹ میں نگیٹیو بھی آئیں گے انہیں مشورہ دیا جائیگا کہ وہ 14 دن تک گھروں پر قرنطینہ میں رہیں اور ریاستی یا ضلع انتظامیہ کی جانب سے مسلسل ان کے ساتھ اشتراک کیا جائیگا اور معلومات حاصل کی جائیں گی ۔ وزارت صحت کے رہنما خطوط میں کہا گیا ہے کہ ریاستی اور مرکزی زیر انتظام علاقہ کی حکومتوں اور انتظامیہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ائرپورٹس پر اس کام کیلئے ہیلپ ڈیسک قائم کرنے میں تعاون کریں تاکہ مرکزی حکومت کے رہنما خطوط پر عمل آوری میں مدد مل سکے ۔