برطانیہ میں افغان پناہ گزینوں کو غیر قانونی قرار دینے کا خدشہ

   

لندن ۔ برطانیہ میں پناہ لینے والے افغان شہریوں کے وکلا نے کہا ہے کہ انہیں خدشہ ہے کہ ان پناہ گزینوں کو جلد ہی غیر قانونی قرار دے دیا جائے گا کیونکہ انہیں کاغذات مہیا نہیں کیے گئے ہیں۔ میڈیا کے مطابق وکلا کا کہنا ہے کہ ابھی یہ بھی واضح نہیں ہے کہ برطانیہ میں کام کرنے اور کرائے پر گھر لینے کے لیے مزید کتنے کاغذات درکار ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ان پناہ گزینوں کے عارضی ویزوں کی معیاد چند دنوں میں ختم ہونے والی ہے، لیکن ہوم آفس کا کہنا ہے کہ وکلا کا موقف غیرضروری ہے۔ طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد برطانیہ اور ناٹو نے افغانستان سے افغان شہریوں کو نکالا جنہیں برطانیہ کے چھ ماہ کے ویزے دیئے گئے اور اس بات کی یقین دہانی کروائی گئی کہ انہیں مستقل سکونت دی جائے گی، تاہم یہ وعدہ ابھی تک وفا نہیں ہو سکا ہے۔