برطانیہ میں بریگزٹ کیلئے 8 لاکھ مسلمانوںنے ووٹ دیا

   

برطانوی مسلمانوں کی وجہ سے ہی یوروپی یونین سے علیحدگی کی راہ ہموار ہوئی

لندن 7 فروری (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ کی یوروپی یونین سے علیحدگی کے لئے تقریباً 8 لاکھ برطانوی مسلمانوں نے ووٹ دیا۔ برطانیہ کے بااثر قائدین نے یہ بات بتائی۔ بریگزٹ سے علیحدگی کی مہم چلانے والی تنظیم کے سی ای او نیتھیو ایلوٹ اور تاریخ داں ڈانیل ہنان نے ویسٹ منسٹر میں منعقدہ ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ برطانیہ کی یوروپی یونین سے علیحدگی میں تاریخی کامیابی برطانوی مسلمانوں کی مرہون منت ہے۔ یوروپی یونین سے برطانیہ کی علیحدگی کا جشن مناتے ہوئے اِس تقریب کے منتظمین نے کہاکہ برطانیہ میں بریگزٹ کے لئے باقاعدہ مہم چلانے والے گروپ کو برطانوی مسلمان کا نام دیا گیا تھا۔ اِس تقریب میں برطانیہ کے پارلیمنٹرینس، تاجرین، برطانوی پاکستانی طبقہ کے ارکان بھی موجود تھے۔ اِن کے علاوہ جیکب ریس موک رکن دارالعوام اور دارالامراء کے علاوہ ثاقب بھٹی ایم پی نے بھی خطاب کیا۔ مسلمس برٹین تنظیم کی چیف ایگزیکٹیو عاطفہ شاہ نے کہاکہ آج برطانیہ خاص کر برطانوی عوام کے لئے رہ گیا ہے۔ اِس ملک میں اب برطانوی نئے مواقع ، نئے تعلقات کو فروغ دیں گے۔ ساری دنیا میں ٹیکنالوجی، تجارت، تحقیق، تعلیم اور دیگر شعبوں میں برطانوی عوام کو حصہ لینے کا موقع ملے گا۔ برطانوی مسلمانوں نے پرزور مہم چلاتے ہوئے ملک کو حقیقت میں یوروپی یونین سے الگ کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ اُنھوں نے کہاکہ وزیراعظم بورس جانسن نے عوام کا خط اعتماد جیت کر برطانیہ کو پھر ایک مرتبہ عظیم تر بنانے کا پیام دیا ہے۔