برطانیہ میں بیرونِ ملک سے آ کر بسنے والوں کی تعداد میں اضافہ

   

لندن : برطانیہ میں دوسرے ملکوں سے آکر بسنے والوں کی تعداد میں 2022 کے دوران ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 2022 کے دوران برطانیہ امیگریشن کرنے والوں کی نیٹ تعداد (برطانیہ چھوڑنے والوں کو نکال کر) سات لاکھ 45 ہزار ہوگئی ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔امیگریشن کے تازہ اعداد و شمار نے برطانوی وزیراعظم رشی سونک پر دباؤ بڑھا دیا ہے جنہوں نے برطانیہ آنے والوں کی تعداد کو کم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔امیگریشن، جو کہ برطانیہ میں ایک دیرینہ سیاسی ایشو ہے، آنے والے انتخابات میں اہم انتخابی ایشو ہوگا۔دی آفس آف نیشنل سٹیٹسٹکس (او این ایس) کا کہنا ہے کہ برطانیہ چھوڑ کر جانے والے اور برطانیہ آکر بسنے والے لوگوں کی تعداد میں فرق اس سے زیادہ ہے جس کا پہلے گمان کیا جارہا تھا۔