اسلام آباد : برطانیہ میں خیرات کے لیے جمع کی جانے والی رقم پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کو منتقل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔برطانوی اخبار نے ابراج گروپ کے عارف نقوی کی طرف سے پی ٹی آئی کے لیے خیرات کے نام پر فنڈز اکٹھے کرنے کا بھانڈا پھوڑ دیا۔چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان کی طرف سے چندہ ملنے کی تصدیق کی گئی ہے لیکن کہا گیا ہے کہ انہیں رقم کے ذرائع کا علم نہیں۔فنانشل ٹائمز کی طرف سے ابراج گروپ کی ای میلز اور اندرونی دستاویزات کا جائزہ لیا گیا جس کے بعد تحریکِ انصاف کی پارٹی فنڈنگ کے حوالے سے برطانوی اخبار نے اہم انکشافات کیے ہیں۔برطانوی اخبار کے مطابق ابراج گروپ کے بانی عارف نقوی نے کرکٹ ایونٹس کرائے، ایک کرکٹ میچ آکسفورڈ شائر میں عارف نقوی کی محل نما رہائش گاہ پر کھیلا گیا۔عارف نقوی نے ویک اینڈ پر کھیلوں اور شراب نوشی کے لیے دعوت دی، عمران خان سمیت سینکڑوں بینکرز، وکلاء اور سرمایہ کاروں نے اس تقریب میں شرکت کی۔عمران خان نے اس بات کی تصدیق کی کہ طارق شفیع نے پی ٹی آئی کو چندہ دیا اور کہا کہ یہ طارق شفیع کو جواب دینا ہے کہ اس نے یہ رقم کہاں سے حاصل کی۔