برطانیہ میں سخت احتجاج کے بعد حضرت فاطمہؓ پر مبنی فلم کی نمائش روک دی گئی

   

لندن :مسلم برادری کا کہنا ہے کہ حضرت فاطمہؓ پر فلم ’دی لیڈی آف ہیون‘ فرقہ وارانہ نظریے پر مبنی ہے اور فطرتاً مسلم کمیونٹی کے لیے توہین آمیز ہے۔ مسلمانوں کے احتجاج کے بعد برطانوی سنیما گھروں نے نمائش نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔برطانیہ میں سنیما گھروں کی سب سے بڑی چین ’سین ورلڈ‘ نے پیغمبر اسلام ؐکی بیٹی حضرت فاطمہؓ کے بارے میں فلم ’دی لیڈی آف ہیون‘کی نمائش کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔مسلمانوں کی معروف تنظیم مسلم کونسل نے اس فلم کو توہین آمیزقرار دیا تھا اور نمائش سے قبل مسلم تنظیموں نے بعض سنیما گھروں کے باہر احتجاجی مظاہرے کیے تھے۔سین ورلڈ دنیا کی دوسری سب سے بڑی سنیما چین ہے، جس نے اعلان کیا ہے کہ حفاظتی خدشات کے سبب برطانیہ میں ’دی لیڈی آف دی ہیون‘ کی نمائش کو ہر جگہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔’سین ورلڈ‘ کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ دی لیڈی آف ہیون کی نمائش سے متعلق بعض حالیہ واقعات کی وجہ سے، ہم نے اپنے عملے اور صارفین کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے فلم کی آئندہ ہونے والی تمام نمائشوں کو ملک بھر میں منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس فیصلے سے قبل برطانیہ کے متعدد شہروں میں فلم کی اسکریننگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ اس حوالے سے ایک آن لائن ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شمالی انگلینڈ میں شیفیلڈ سین ورلڈ کے مینیجر مظاہرین کے ایک گروپ کو بتا رہے ہیں کہ فلم کی اسکریننگ منسوخ کر دی گئی ہے۔اسی طرح کے ایک اور مظاہرے میں مرکزی شہر برمنگھم اور شمالی قصبے بولٹن میں سنے ورلڈ تھیٹرز کو نشانہ بنایا گیا۔لیڈی آف دی ہیون ایک ایسی پہلی تاریخی ڈرامہ فلم ہے جو، پیغمبر اسلام کی بیٹی حضرت فاطمہؓ کی زندگی پر مبنی ہے۔ فلم میں اس صدی کی بدنام دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ اور سنی مکتب فکر کے اسلام کی بعض اہم تاریخی شخصیات کے درمیان موازنہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔اس کی ویب سائٹ پر فلم کا خلاصہ کچھ یوں لکھا ہے،’’پیغمبر اسلام حضرت محمدؐ کی بیٹی حضرت فاطمہؓ کا دل دہلا دینے والا سفر، 14سو برس بعد ایک عراقی بچے کو جنگ زدہ ملک میںصبر کی اہمیت اور طاقت کا سبق ملتا ہے‘۔فلم کا آغاز عراق پر داعش کے حملے سے ہوتا ہے اور پہلے ہی سین میں ایک بھیانک قتل کا منظر ہے۔ چونکہ مذہب اسلام میں مذہبی شخصیات کی براہ راست تصویر کشی منع ہے، اس لیے حضرت فاطمہؓ کو ایک ایسے بے چہرہ کردار کے طور پر پیش کیا گیا، جو صرف ایک سیاہ نقاب اوڑھے ہوئے ہیں۔