لندن : دھوکہ باز عناصر معمر اور بھولے بھالے لوگوں کو ویکسین اسکامس کے ذریعہ نشانہ بنارہے ہیں اور کوویڈ ۔ 19 ویکسین لینے کے سلسلے میں ان سے بینک کھاتوں کی تفصیلات پوچھ رہے ہیں یا نقد ادائیگیوں کا تقاضہ کررہے ہیں ۔ برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے گذشتہ روز برطانوی عوام کو اس سلسلے میں متنبیٰ کیا ہے ۔ برطانیہ میں فائزر / بائیو این ٹیک اور آکسفورڈ / اسٹرا زینکا کی شراکت سے ویکسین لگانے کا پروگرام چل رہا ہے جسے بتدریج وسعت دی جارہی ہے ۔ حکام نے لندن پولیس کی جانب سے ایک کیس کی تحقیقات کے بارے میں بتایا ہے جس میں 92 سالہ خاتون کو ایک شخص نے خود کو ویکسین دینے والا طبی کارکن بتاتے ہوئے 160 پاونڈ کا دھوکہ دیا ہے ۔ ایجنسی نے کہا ہے کہ وہ حکومت اور لا انفورسمنٹ کے ساتھ کام کرتے ہوئے عوام کو چوکسی برتنے کی تلقین کررہے ہیں کہ NHS کوویڈ ویکسینیشن پروگرام کے تعلق سے سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کرے اور کوئی بھی دیگر افراد پر بھروسہ نہ کرے ورنہ وہ کورونا ویکسین کے نام پر اسکام کا شکار ہوسکتے ہیں ۔۔