برطانیہ میں فیملی ویزے کیلئے سابق حکومت کی شرائط مسترد

   

لندن، 11 جون (یو این آئی) برطانیہ میں فیملی ویزے کے لیے گزشتہ حکومت کی سالانہ آمدن کی شرائط مسترد کر دی گئیں۔تفصیلات کے مطابق برطانیہ کی مائیگریشن ایڈوائزری کمیٹی نے اپنی جائزہ رپورٹ جاری کر دی، جس میں فیملی ویزے کے لیے گزشتہ حکومت کی سالانہ آمدن کی شرائط مسترد کی گئی ہیں۔رپورٹ میں سالانہ آمدن 23 اور 25 ہزار کے درمیان رکھنے کی سفارش کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ سالانہ آمدن کم کرنے سے مائیگریشن میں 3 فی صد اضافہ کا امکان ہے ۔یاد رہے کہ ٹوری حکومت نے گزشتہ سال فیملی ویزا کے لیے کم ازکم آمدن 29 ہزار کر دی تھی، جو آئندہ سال بڑھ کر 38 ہزار 700 ہونا تھی، جب کہ لیبر پارٹی نے اس فیصلے کی مخالفت کی تھی۔لیبر پارٹی نے آتے ہی اس معاملے کا حکومتی جائزہ لینے کے لیے مائیگریشن ایڈوائززری کمیٹی قائم کر دی، یہ جائزہ رپورٹ گزشتہ روز جاری کی گئی ہے ، جائزہ رپورٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ فیملی ویزے کے لیے آمدن 23 اور 25 ہزار کے درمیان ہونی چاہیے ۔