لندن : 3 ستمبر ( ایجنسیز ) برطانوی حکومت نے سیاسی پناہ گزینوں کے بعد ویزے کی مقررہ مدت سے زائد قیام کرنے والے طلبہ کے خلاف مہم کا آغاز کردیا۔برطانوی میڈیا کے مطابق حکومت نے غیر ملکی طلبہ کو خبردار کیا ہیکہ ویزہ کی مدت ختم ہونیکے بعد قیام کی صورت میں انہیں ملک سے نکال دیا جائیگا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ برطانیہ کے ہوم آفس نے اس حوالے سے ہزاروں بین الاقوامی طلبہ کو ای میلز اورٹیکسٹ میسجز کے ذریعے متنبہ کردیا۔اس اقدام کو حکومت نے بین الاقوامی طلبہ میں ویزہ مدت ختم ہونے کے بعد پناہ کی درخواستوں میں تشویشناک اضافے کا ردعمل قرار دیا ہے۔ہوم سیکرٹری یویٹ کوپر نے کہا کہ ان کے پاس کچھ ایسے طلبہ کی جانب سے بھی پناہ کی درخواستیں موصول ہوئیں جن کے ملک میں کوئی صورتحال تبدیل نہیں ہوئی۔برطانوی میڈیا نے رپورٹ میں بتایا کہ ایک سال کے دوران حکومت کو موصول ہونے والی درخواستوں میں تقریباً 14 ہزار 800 پناہ کی درخواستیں ان افراد کی تھیں جو برطانیہ میں اسٹڈی ویزہ پر آئے تھے۔پناہ کی درخواستیں دینے والے طلبہ میں سب سے زیادہ تعداد پاکستانی طلبہ کی تھی جو 5 ہزار 700 درخواستوں کے ساتھ سرفہرست رہے، اس کے بعد ہندوستان ، بنگلہ دیش اور نائیجیریا کے طلبہ شامل ہیں۔