لندن ۔ 20 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ نے یوروپی یونین سے اخراج کے بعد شاید یہ فیصلہ کرلیا ہیکہ دنیا بھر سے اب صرف انتہائی تعلیم یافتہ اور ہنرمندوں کو ہی برطانیہ آنے کا ویزا جاری کیا جائے گا جس کا اطلاق یکم ؍ جنوری 2021ء سے ہوگا۔ اس سلسلہ میں وزیرداخلہ پریتی پٹیل نے چہارشنبہ کو پوائنٹس کی بنیاد پر نئے ویزا طریقۂ کار کا اعلان کیا جس کا سب سے اہم مقصد دنیا بھر سے انتہائی ہنرمند اور تعلیم یافتہ افراد کو ہی برطانیہ آنے کا موقع دیا جائے جس میں ہندوستان بھی شامل ہے۔ اس طرح اب سستے لیبرس اور برطانیہ کیلئے غیرضروری افراد کی بھیڑبھاڑ دیکھنے نہیں ملے گی۔ اس نئے ویزا طریقہ کار (سسٹم) کا اطلاق یوروپی اور غیریوروپی یونین ممالک پر یکساں طور پر ہوگا جو ہنرمندی، تعلیمی لیاقت، پیشہ اور تنخواہ کی بنیاد پر ایسے درخواست کنندگان کو جاری کئے جائیں گے جو درکار پوائنٹس حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں۔ اس سسٹم کو سنگل گلوبل سسٹم کہا جارہا ہے جس میں یوروپی یونین اور غیریوروپی یونین ممالک میں کوئی امتیاز نہیں کیا جائے گا۔ اس طرح اب ڈاکٹرس، سائنسدانوں، انجینئرس اور ماہرین تعلیم کیلئے ویزے کا حصول آسان ہوجائے گا۔ برطانوی حکومت کا کہنا ہیکہ پوائنٹس کے نظام پر کچھ اس انداز میں عمل آوری ہوگی جس کے ذریعہ صرف ان ہی باصلاحیت افراد کو برطانیہ آنے کی اجازت دی جائے گی جن کی برطانیہ کو واقعتاً ضرورت ہے۔ مائیگریشن ایڈوائزری کمیٹی (MAC) کی سفارشات کے مطابق کم سے کم تنخواہ کی حدود 25,600 پاؤنڈس مقرر کی گئی ہے جو سابقہ 30,000 پاؤنڈس سے کم ہے جو Tier2 ورک ویزا کیلئے مقرر تھی۔