لندن ۔ 18اپریل ( سیاست ڈاٹ کام )برطانوی حکومت کی ویکسین کی ٹاسک فورس کے رکن پروفیسر جان بیل نے کہا ہے کہ برطانیہ کے پاس ایسی صلاحیت نہیں کہ کورونا وائرس کے خاتمے کے لیے ضرورت کے مطابق ویکسین بنا سکے لیکن ویکسین کی دریافت کے لیے ملک ’اچھے مقام پر ہے۔‘خزاں کے موسم تک ویکسین بنانے کے امکانات کے حوالے سے پروفیسر بیل کا کہنا تھا کہ اصل مسئلہ یہ ہے کہ آیا یہ ویکسین مؤثر ہوگی۔ ’ہمیں اس بارے میں مئی تک کوئی اشارہ نہیں ملے گا۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’اہم بات یہ ہے کہ آپ اس کی مناسب آزمائش کریں کیونکہ ایسی چیزوں کے لیے حفاظت بہت ضروری ہوتی ہے۔‘’اگر ہمیں مئی کے آخر تک مضبوط مدافعتی ردعمل نظر آگیا تو شاید اگست کے وسط تک کامیابی مل جائے گی۔‘