پاکستانی گروپوں کا ہند مخالف مظاہرہ
موافق ہند مظاہروں میں نعرہ بازی پر تلخی
لندن ۔ 15 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اسکاٹ لینڈ یارڈ نے کہا کہ اس نے چار گرفتاریاں کی ہیں جبکہ ہزاروں احتجاجی لندن میں انڈین ہائی کمیشن کے باہر منصوبہ بند انداز میں جمع ہوگئے تھے۔ انہوں نے آج یوم آزادیٔ ہند کے موقع پر مخالف ہند مظاہرے کئے جس کے نتیجہ میں مختلف گروپوں کے درمیان نہایت کشیدہ صورتحال پیدا ہوگئی تھی۔ پاکستانی گروپوں، سکھ اور کشمیری علیحدگی پسند تنظیموں نے اینٹی انڈیا احتجاج کا اہتمام کیا۔ احتجاجیوں کو آہنی رکاوٹوں کے ذریعہ انڈیاہاوس کے باہر مظاہرہ سے روکا گیا جس کے دوران پلے کارڈ تھامے ہجوم نے ٹریفک کے بہاؤ میں خلل پیدا کیا اور نعرہ بازی کرتے رہے۔ دن بھر جھڑپیں جاری رہیں اور پتھراؤ کے ساتھ ساتھ بوتلیں ایک دوسرے پر پھینکنے کے واقعات بھی پیش آئے۔ ڈیوٹی پر موجود اسکاٹ لینڈ یارڈ کے افسروں نے بعض احتجاجیوں کو اپنے ساتھیوں کو شدت پسندی سے روکنے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا۔ میٹرو پولیٹن پولیس کے مطابق احتجاجیوں کے نتیجہ میں ایک شخص زخمی ہوا۔ پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ ایونٹ بڑی حد تک پرامن رہا لیکن آفیسروں کو بعض ناخوشگوار واقعات پر تیزی سے حرکت میں آنا پڑا۔ پبلک آرڈر ایکٹ کے سیکشن 4 کے تحت 4 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ مخالف ہندوستان احتجاجیوں نے جب نعرہ بازی کی تب ان کے حریف احتجاجیوں نے جھڑپ کے دوران ترنگا لہرایا۔ اینٹی انڈیا ہجوم میں موافق خالصتان ریفرنڈم 2020 گروپ شامل رہا جو انڈیا ہاوس کے باہر برسہا برس سے یوم آزادی کے احتجاجوں میں باقاعدگی سے حصہ لیتا رہا ہے۔ تاہم جموں و کشمیر کو خصوصی موقف سے محروم کرنے والے حکومت ہند کے اقدام کے تناظر میں آج ہجوم بڑی تعداد میں جمع ہوا۔ قبل ازیں دن میں انڈین ہائی کمیشن نے اپنے سالانہ ایونٹ کے تحت پرچم کشائی تقریب منعقد کرتے ہوئے یوم آزادی کی خوشی منائی۔ اس موقع پر انڈین ہائی کمشنر برائے برطانیہ روچی گھنشام نے ورلڈ پیس ریالی کے ارکان کو تہنیت پیش کی جو اسی ہفتہ لندن میں اختتام پذیر ہوئی ہے۔ اس ریالی نے 105 شہروں کا احاطہ کرتے ہوئے 17 ہزار کیلو میٹر کی مسافت طے کی ہے۔
