مانچسٹر۔ 25 اکتوبر (یو این آئی) برطانیہ میں 11 منزلہ عمارت کا ایک حصہ اچانک زمین بوس ہوگیا، مقامی افراد کے مطابق یہ غالباً زلزلے جیسے جھٹکے تھے ۔ برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق مانچسٹر کے مرکزی علاقہ میں ایک 11 منزلہ عمارت اچانک زمین بوس ہوگئی۔ اس حوالے سے لوگوں کا کہنا ہے کہ عمارت کے گرنے سے دوپہر کے وقت زلزلے کے زوردار جھٹکے محسوس کیے گئے ، تاہم زلزلہ پیما مرکز سے ایسی کوئی اطلاع موصل نہیں ہوئی۔ برج اسٹریٹ پر واقع 52 سال پرانی بلند و بالا عمارت کا ایک حصہ اچانک زمین بوس ہونے کے بعد مقامی انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے قریبی عمارتوں میں رہائش پذیر سینکڑوں افراد کو فوری طور پر نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا۔ حکام کے مطابق عمارت میں جس وقت حادثہ پیش آیا اس وقت وہ خالی تھی تاہم کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے ۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ مذکورہ عمارت کو منہدم کرنے کا عمل جاری تھا، جس کا ایک حصہ غیر متوقع طور پر منہدم ہوگیا یہ عمارت البرٹن ہاؤس کا حصہ تھی، جسے2021 میں مخدوش قرار دے کر خالی کرا لیا گیا تھا۔