برطانیہ میں 500 سائیکلیں چرانے والا شخص گرفتار

   

لندن: پولیس نے ایک برطانوی شخص کو گرفتار کیا ہے جس پر لگ بھگ 500 سائیکلیں چرانے کا الزام ہے۔ تمام سائیکلیں ایک ڈھیر کی صورت میں رکھی گئی ہیں اور وہ گوگل میپ سے بھی دکھائی دیتی ہیں۔آکسفورڈ شائرکے 54 سالہ شخص پر سائیکلیں چرانے کا الزام ہے اور اس کے گھر کے پاس ہی ایک کھلی جگہ پر سینکڑوں سائیکلیں بھی موجود ہیں جو مٹی سے بے رنگ ہورہی ہیں اور وہاں چوہوں کا راج ہے۔ سائیکلیں گزشتہ 5 برس میں چراکر جمع کی گئی ہیں اور اب ایک بڑے ڈھیر کی شکل اختیار کرچکی ہیں۔پولیس کے مطابق ان سائیکلوں کی اکثریت چوری کی گئی ہے اور اب ان کے مالکان کی تلاش جاری ہے۔ واضح رہے کہ آکسفورڈ شائر کا یہ علاقہ کئی برس سے سائیکل چوری کا ایک بڑا مرکز تھا یہاں تک کہ ذرائع ابلاغ میں اسے سائیکل سواروں کے لیے بدترین مقام بھی کہا جانے لگا تھا۔