برطانیہ نے ایران میں اپناسفارتخانہ دوبارہ کھول دیا

   

تہران، 8 جولائی (یو این آئی) برطانیہ نے ایران میں اپنا سفارتخانہ دوبارہ کھول دیا۔ برطانوی دفترخارجہ کے مطابق عارضی بندش کے بعد ایرانی دارالحکومت تہران میں سفارتخانہ دوبارہ کھول دیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ایران اسرائیل جنگ کے بعد برطانیہ نے تہران میں اپناسفارتخانہ عارضی طور پربندکرکے اپنے سفارتی عملے کو بھی واپس بلالیا تھا۔ اس کے علاوہ کشیدگی کے باعث متحدہ عرب امارات نے بھی ایران سے اپنے شہریوں کا انخلا مکمل کر نے کا اعلان کیا تھا۔


ایران، امریکہ کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کیلئے تیار
تہران ۔ 8 جولائی (ایجنسیز) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اعلان کیا ہیکہ ان کا ملک امریکہ کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کیلئے تیار ہے۔ پزشکیان نے وضاحت کی کہ اگر دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد بحال ہو جائے تو ایران کو امریکہ کے ساتھ اپنے نیوکلیئر پروگرام پر مذاکرات دوبارہ شروع کرنے میں “کوئی مسئلہ” نہیں ہے۔ ایرانی صدر نے امریکی صحافی ٹکر کارلسن کے ساتھ ایک انٹرویو میں واشنگٹن کے ساتھ اعتماد کے بحران کا انکشاف کرتے ہوئے سوال کیا کہ ایران کیسے یقین کر سکتا ہیکہ واشنگٹن اسرائیل کو دوبارہ ایران پر حملہ کرنے کی اجازت نہیں دے گا؟ پزشکیان نے اسرائیل پر انہیں قتل کرنے کی کوشش کا الزام لگایا تاہم انہوں نے اس کوشش کی تاریخ نہیں بتائی۔