لندن۔5جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ نے کہا ہے کہ وہ ٹاپ ایرانی فوجی کمانڈر قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے پیش نظر مغربی ایشیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان برطانیہ کے بحری جہازوں اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے دو جنگی جہازوں کوآبنائے ہرمز بھیجے گا۔ برطانیہ کے وزیر دفاع بین والیس نے کہا کہ میں نے ایچ ایم ایس مونٹروس اور ایچ ایم ایس ڈفینٹر کوآبنائے ہرمزمیں ’ریڈ انسائن شپنگ ‘ کے ساتھ تعیناتی کی ہدایت دی ۔ حکومت اس وقت ہمارے بحری جہازوں اور شہریوں کی حفاظت کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے گی ۔انہوں نے جمعہ کو امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے ساتھ اس علاقے کے حالات پر بات چیت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ مہینوں میں عراق میں تعینات امریکی فورسز نے ایران حمایت یافتہ جنگجوؤں پر کئی بار حملے کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جنرل سلیمانی پڑوسی خود مختار ممالک کو کمزور کرنے اور ایران کے دشمنوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کے مرکز میں تھے ۔ امریکہ نے سلیمانی کو بغداد میں جمعہ کی صبح فضائی حملے میں مار دیا تھا۔قابل غور ہے کہ ایران میں گزشتہ سال آبنائے ہرمز میں دو ٹینکروں پر قبضہ کر لیا تھا جن میں سے ایک لائبیریا اور دوسرا برطانیہ کا تھا۔
