برطانیہ کا ہندوستانی چیانل کو 20 ہزار پاؤنڈز جرمانہ

,

   

پاکستانیوں سے نفرت کا شاخسانہ

لندن : برطانوی ٹیلی کامز ریگولیٹر آفس آف کمیونیکیشنز (آف کام) نے ورلڈ ویو میڈیا نیٹ کے ہندوستانی ٹی وی چیانل ’’ری پبلک ٹی وی ‘‘پر ایک پروگرام میں پاکستانیوں کے خلاف ‘نفرت آمیز مواد’ نشر کرنے پر 20 ہزار پاؤنڈز جرمانہ عائد کردیا۔رواں سال کے اوائل میں شائع کردہ فیصلے میں، آف کام نے کہا کہ حالاتِ حاضرہ کے پروگرام ’’پوچھتا ہے بھارت ‘‘ میں میزبان ارنب گوسوامی اور ان کے کچھ مہمانوں نے ‘ کئی بیانات دیے جو پاکستانی عوام کے خلاف نفرت آمیز، توہین آمیز سلوک کے برابر تھے’۔فیصلے میں کہا گیا تھا کہ پروگرام ‘ممکنہ طور پر ناگوار’ اور براڈکاسٹرز کوڈ کے خلاف بھی تھا۔آف کام نے فیصلے میں کہا تھا کہ ‘ ان خلاف ورزیوں کی سنگین نوعیت کی وجہ سے ہم ایک قانونی پابندی عائد کرنے پر غور کر رہے ہیں’۔فیصلے میں اس پروگرام کی تحریری نقول شامل تھیں، جو 6 ستمبر، 2019 کو نشر کیا گیا تھا۔اس شو میں دیگر چیزوں کے ساتھ ہندوستان کے خلائی پروگرام، مسئلہ کشمیر اور ‘ہندوستانی اہداف کے خلاف دہشت گرد سرگرمیوں میں پاکستان کی مبینہ مداخلت’ پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔آف کام کا کہنا تھا کہ اس شو میں نشریاتی مواد کے ذریعے براڈکاسٹرز کوڈ کے سیکشن 2.3، 3.2 اور 3.3 کی خلاف ورزی کی گئی ہے جس میں ‘نفرت آمیز تقریر، افراد، گروہوں، مذاہب یا برادریوں کے ساتھ ناروا سلوک اور توہین آمیز مواد’ شامل ہے۔ریگولیٹر نے ورلڈ ویو میڈیا نیٹ ورک سے وضاحت طلب کی ہے جس کے پاس ری پبلک ہندوستان کو برطانیہ میں نشر کرنے کا لائسنس موجود ہے۔