پیرس ۔ ہندوستانی ہاکی ٹیم نے پیرس اولمپکس میں اپنا کوارٹر فائنل میچ برطانیہ کے خلاف کھیلا اور کامیابی حاصل کرتے ہوئے میڈل کے حصول کی سمت ایک اور قدم بڑھا لیا ہے۔ ہندوستان نے اس مقابلے میں برطانیہ کو شکست دے کر اولمپکس کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔ اس بار دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ گروپ مرحلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ہندوستانی ہاکی ٹیم نے اس میچ میں بھی زبردست شروعات کی لیکن برطانیہ نے بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ جس کی وجہ سے میچ کا نتیجہ شوٹ آؤٹ کی صورت میں نکلا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اس میچ کا پہلا کوارٹر 0-0 گول سے برابر رہا لیکن دوسرے کوارٹر میں دونوں ٹیموں کی جانب سے جارحانہ کھیل دیکھنے کو ملا۔ سب سے پہلے ہندوستانی کپتان ہرمن پریت سنگھ نے دوسرے کوارٹر میں گول کر کے ٹیم کو 1-0 کی برتری دلا دی۔ اس کے بعد برطانوی ٹیم نے دوسرے کوارٹر میں ہی برابری کا گول کر کے اسکور 1-1 سے برابر کردیا۔ برطانیہ کی جانب سے لی مورٹن نے گول کیا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کی جانب سے کوئی گول دیکھنے میں نہیں آیا۔ اس مقابلے کی اہمیت بات رہی کہ ٹیم انڈیا صرف 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلی۔ اس اہم میچ میں ہندوستانی ٹیم کو دوسرے کوارٹر میں ہی بڑا جھٹکا لگا۔ امیت روہیداس کو سرخ کارڈ دیا گیا جس کی وجہ سے وہ پورے میچ سے باہر ہوگئے۔ اس واقعہ کے بعد ہندوستانی ہاکی ٹیم کو صرف 10 کھلاڑیوں کے ساتھ پورا میچ کھیلنا پڑا لیکن اس کے بعد بھی ہندوستانی ہاکی ٹیم نے اچھا دفاع کیا اور ایک بھی گول کرنے کا حریف ٹیم کو موقع نہیں دیا۔ پنالٹی شوٹ آؤٹ میں ہندوستانی کھلاڑیوں کا دبدبہ دیکھا گیا۔ جس میں ہندوستان نے برطانیہ کو 4-2 سے شکست دی۔ ہندوستان کی طرف سے پہلا شاٹ ہرمن پریت سنگھ لینے آئے اور انہوں نے گول کردیا۔ اس کے بعد ہندوستان کی جانب سے سکھجیت، للت اور راجکمار نے گول کئے۔ وہیں ہندوستانی تجربہ کارگول کیپر پی آر سریجیش اس کامیابی کے بڑے ہیرو ثابت ہوئے ۔ انہوں نے شوٹ آؤٹ میں دوگول بچائے جس سے ہندوستانی ٹیم کی جیت کی کہانی لکھی گئی۔