برطانیہ کی پہلی مسلم لڑکی خدیجہ ملاح نے حجاب پہن کر گھڑ دوڑ جیت لی

   

لندن۔ 3 اگست (سیاست ڈاٹ کام) 18 سالہ برطانوی شہری خدیجہ ملاح نے گْڈ وْڈ میں منعقد گْھڑ دوڑ کے ‘مگنولیا کپ’ میں حجاب پہن کر حصہ لیا۔خدیجہ نے دیدہ دلیری سے نہ صرف تمام کھلاڑیوں کا مقابلہ کیا بلکہ اس میں کامیابی بھی حاصل کی۔انہوں نے اس دوڑ میں سابق اولمپکس سائیکلسٹ وکٹوریا پینڈلٹن اور ووگ ولیمز سمیت 10 کھلاڑیوں سے شاندار مقابلہ کر کے جیت اپنے نام کر لی۔ 18 سالہ خدیجہ ملاح ان تمام مسلم لڑکیوں کے لیے رول ماڈل بننا چاہتی ہیں جو اسپورٹس میں اپنی پہچان بنانا چاہتی ہیں۔خدیجہ ملاح کا کہنا تھا کہ مقابلہ کافی زبردست تھا اور انہیں بہت مزہ آیا۔ان کا کہنا تھا کہ مسلم لڑکیوں کے لیے روایتی سوچ رکھی جاتی ہے کہ وہ کھیلوں میں حصہ لینے کے شوق اور خواب کو پورا نہیں کر پاتی ہیں لیکن میں خوش ہوں کہ میں اس معاشرے کا حصہ ہوں جہاں یہ سمجھ ہے کہ خواتین کیا کر سکتی ہیں اور وہ کس میں بہترین ہو سکتی ہیں۔خدیجہ کہتی ہیں کہ انہوں نے یہ دوڑ جیتنے کے لیے کئی راتیں جاگی ہیں جب کہ دلچسپ بات یہ ہے اس مقابلے میں حصہ لینے سے 4 ماہ قبل تک وہ گھوڑے پر بیٹھنا بھی نہیں جانتی تھیں۔