برطانیہ کے انٹر نیشنل اسکالر شپ پروگرام کے تحت درخواستوں کی طلبی

   

حیدرآباد۔/17 اگسٹ، ( سیاست نیوز) برطانوی حکومت کے انٹر نیشنل اسکالر شپ پروگرام کے تحت 2022-23 کیلئے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ برطانیہ میں ایک سال تک تعلیم حاصل کرنے کیلئے ماسٹرس ڈگری کورس کو اسکالر شپ سے مربوط کیا گیا ہے۔ کامن ویلتھ ڈیولپمنٹ آفس اور دیگر تنظیموں کی جانب سے اسکالر شپ پروگرام پر عمل کیا جاتا ہے۔ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ اس اسکیم سے استفادہ کرسکتے ہیں اور ہندوستان میں اسکالر شپ پروگرام متعارف کیا گیا ہے جس کا نام
Chevining
ہے۔ اس اسکیم کے تحت طلبہ کے انتخاب کی صورت میں مکمل ٹیوشن فیس ادا کی جاتی ہے اور دنیا کی بہترین معیاری تعلیم سے وابستہ ہوسکتے ہیں۔ اسکالر شپ کے اختتام پر طلبہ 50 ہزار سابق طلبہ کے گروپ میں شمولیت اختیار کرسکتے ہیں۔ درخواست گذاروں کو اپنے تعلیمی سرٹیفکیٹ اور برطانیہ کی کسی یونیورسٹی کا آفر لیٹر پیش کرنا ہوگا۔ درخواستیں چیوننگ اپلیکیشن ٹائم لائن پر داخل کی جاسکتی ہیں۔ درخواستوں کے ادخال کے بعد سلیکشن پراسیس کی تفصیلات ای میل پر روانہ کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ امیدوار آن لائن اپلیکیشن سسٹم پر درخواست کے موقف کی جانچ کرسکتے ہیں۔ ہر سال چونکہ درخواست گذاروں کی کثیر تعداد ہوتی ہے لہذا غیر منتخب امیدواروں کو درخواست کے موقف اور دیگر تفصیلات روانہ نہیں کی جائیں گی۔ درخواست کے موقف کو جاننے کیلئے برطانوی سفارتخانہ یا ہائی کمشنر سے رجوع ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ منتخب امیدواروں کو مکمل ٹیوشن فیس ، ماہانہ اسٹائیفنڈ، برطانیہ کی آمدو رفت کا کرایہ، آرائیول الاؤنس، ایک ویزا درخواست کی لاگت اور برطانیہ میں چیوننگ ایونٹس میں شرکت کیلئے ٹراویل گرانٹ دی جائے گی۔R