لندن ۔3 نومبر (ایجنسیز) برطانیہ کے مختلف مقاما ت پر برف باری کی پیش قیاسی کے ساتھ درجہ حرارت میں ممکنہ کمی کا اشارہ دیا گیا ہے۔3 خطوں میں برف باری کے باعث 10 سے 13نومبر کے دوران برطانیہ اور اسکاٹ لینڈ کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی دیکھی جا سکے گی۔ اسکاٹ لینڈ کے شمالی اور وسطی علاقوں میں بھی برف باری ہو گی جبکہ شمالی انگلینڈ کے لیے طوفانی بارشوں کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ شمالی علاقوں بالخصوص ویلز میں درجہ حرارت صفر سے نیچے گرے گا، مشرقی انگلینڈ میں درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی توقع ہے۔ بعض علاقوں میں درجہ حرارت 1 اورکہیں منفی تک بھی گرے گا، ٹھنڈی ہواوں کی وجہ سے موسمی شدت میں اضافہ ہوگا۔ برف باری کے دوران مسافروں کو احتیاطی تدابیر اختیارکرنے کی ہدایات دی گئی ہیں کیونکہ برف باری کے دوران مختلف علاقوں میں ٹریفک کے مسائل بڑھ سکتے ہیں۔