برطانیہ کے ناٹنگھم میں حیدرآبادی طالبہ چاقوزنی کے واقعہ میں فوت

   

برازیل کے شخص کا دو طالبات پر حملہ، ماسٹرس کی تکمیل کیلئے تیجسونی ایک سال قبل گئی تھیں

حیدرآباد۔/14 جون، (سیاست نیوز) حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی 27 سالہ طالبہ کو برطانیہ کے ناٹنگھم میں چاقو گھونپ کر ہلاک کردیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ نیلڈ کریسنٹ علاقہ میں حملہ آور نے قیامگاہ کے قریب منگل کے دن چاقو سے حملہ کردیا گیا۔27 سالہ کے تیجسونی ریڈی جو لندن میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کیلئے مقیم تھی برازیل سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے حملہ کا نشانہ بنایا۔ بتایا جاتا ہے کہ حملہ آور حال ہی میں شیئر اکاموڈیشن کے تحت اس عمارت میں منتقل ہوا تھا جہاں تیجسونی اپنے دوستوں کے ساتھ مقیم تھی۔ ایک ہفتہ قبل ہی حملہ آور اس علاقہ میں منتقل ہوا تھا۔ تیجسونی کے افراد خاندان رنگاریڈی ضلع کے حیات نگر منڈل میں برہمنا پلی گاؤں سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کے والدین ترکایمجال میں مقیم بتائے گئے ہیں۔ افراد خاندان کا کہنا ہے کہ انہیں چہارشنبہ کو حملہ کے بارے میں اطلاع دی گئی اور تیجسونی کی علاج کے دوران موت واقع ہوگئی۔ تیجسونی مارچ 2022 میں ماسٹرس کی تکمیل کیلئے برطانیہ گئی تھی۔ بی بی سی کے مطابق تیجسونی کے ساتھ ایک اور طالبہ کو بھی حملہ کا نشانہ بنایا گیا لیکن اسے ہاسپٹل میں طبی امداد دی گئی اور حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تیجسونی کے ساتھ موجود اکھیلا حملہ میں زخمی ہوگئی جبکہ تیجسونی عینی شاہدین کے مطابق برسر موقع ہلاک ہوگئی۔ برطانیہ کی میٹرو پولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور 23 سالہ شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ شبہ کی بنیاد پر مزید دو افراد کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ ڈیٹکٹیو چیف انسپکٹر لنڈا برانڈلے نے کہا کہ اس معاملہ کی تیزی سے تحقیقات کی جارہی ہیں اور ہم مقامی عوام کے شکر گذار ہیں جنہوں نے حملہ آور کے بارے میں پولیس کو اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کے بعد علاقہ کے عوام میں خوف کا ماحول پیدا ہوگیا ہے تاہم عوام کو ہم یقین دلاتے ہیں کہ پولیس کی ٹیمیں چوکس رہیں گی اور آنے والے دنوں میں اضافی فورس کو علاقہ میں تعینات کیا جائے گا۔ حیدرآباد میں مقیم تیجسونی کے والد نے بتایا کہ اسپیس انجینئرنگ میں ماسٹرس کی تکمیل کیلئے تیجسونی برطانیہ گئی تھیں۔ امتحانات کی تکمیل کے بعد تیجسونی اپنے ساتھیوں کے ساتھ چھٹیاں منارہی تھیں۔ر