برطانیہ کے چیلسی فٹبال کلب میں افطار کا اہتمام

   

لندن: انگلش پریمیئر لیگ کے مشہور زمانہ چیلسی فٹبال کلب نے مذہبی رواداری کے فروغ کیلئے کلب کے اسٹیڈیم میں بڑے پیمانے پر افطار کا اہتمام کیا۔ اس افطار کا اہتمام برطانوی فلاحی ادارہ ’’رمضان ٹینٹ پراجیکٹ‘‘ کے اشتراک سے کیا گیا جہاں اس تنظیم کا مقصد مختلف برادریوں کو قریب لانا اور رمضان کے پیغام کو پھیلانا ہے۔ چیلسی، انگلش پریمیئر لیگ کا پہلا کلب ہے جس نے مسلمان برادری کیلئے افطار کا اہتمام کیا ہے۔ چیلسی کے اسٹیمسفورڈ برج اسٹیڈیم میں تقریب کا آغاز فلاحی تنظیم کے ایڈوائزری بورڈ کے رکن داؤشن حمزہ کی تقریر سے ہوا جس کے بعد چیلسی فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈینیئل فنکیلسٹن کے ساتھ ساتھ چیلسی کے سابق کھلاڑی پال کنوولی نے بھی اظہار خیال کیا۔ ڈینیئل نے کہا کہ ہم مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے اپنے سپورٹرز کی بدولت ایک بڑی کمیونٹی ہیں اور ہم ہر ایک مداح کی عزت، احترام اور ان کی خوشی میں شریک ہونا چاہتے ہیں۔ افطار کی میزبانی کرنے والا پہلا پریمیئر لیگ کلب بننا بہت خاص ہے اور ایک ایسی چیز ہے جس پر ہمیں بہت فخر ہے۔ اس افطار کا اہتمام ایسے موقع پر کیا گیا جب رمضان ٹینٹ پراجیکٹ نے اپنے 10سال مکمل کئے ہیں۔ افطار میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جس کے بعد عمران ابوالحسن نے نماز پڑھائی۔ یہ تقریب نسل پرستی اور امتیازی سلوک کے خلاف چیلسی اور فاؤنڈیشن کی مہم کا حصہ تھی۔