برطانیہ کے 125 ایم پیز کا وزیراعظم کو خط

   

فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے پر زور
لندن، 25 جولائی (یو این آئی) برطانیہ کے 125 اراکینِ پارلیمنٹ نے وزیرِاعظم سر کیئر اسٹارمر کو خط لکھ کر فلسطین کو بطورِ ریاست تسلیم کرنے پر زور دیا ہے ۔خط لکھنے والے اراکین کی قیادت لیبر پارٹی کی رکنِ پارلیمنٹ سارہ چیمپئن کر رہی ہیں، جو بین الاقوامی ترقیاتی کمیٹی کی چیئرپرسن بھی ہیں۔سر کیئر اسٹارمر پر فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کے لیے دباؤ بڑھ رہا ہے اور 125 اراکینِ پارلیمنٹ نے ایک مشترکہ خط پر دستخط کیے ہیں جس میں ان سے یہ قدم اٹھانے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔خط میں لکھا گیا ہے کہ فلسطین کو برطانیہ کی طرف سے تسلیم کیا جانا خاص طور پر اس لیے انتہائی مؤثر ہو گا کیونکہ برطانیہ اعلانِ بالفور کا خالق اور فلسطین میں سابق مینڈیٹری طاقت رہا ہے ۔خط میں کہا گیا ہے کہ ہم 1980ء سے دو ریاستی حل کی حمایت کرتے آئے ہیں، اس طرح کی شناخت ہمارے اس مؤقف کو ٹھوس بنیاد فراہم کرے گی اور ساتھ ہی اس مینڈیٹ کے تحت عوام کے لیے ہماری ایک تاریخی ذمہ داری کو بھی پورا کرے گی۔