لندن،26مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عام لوگوں کے لئے برطانیہ میں جلد ہی گھر پرکورونا وائرس ٹسٹ کی سہولت میسر ہوگی۔برطانیہ میں‘ پبلک ہیلتھ انگلینڈ’ نے سائنس اینڈٹیکنالوجی کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جلدہی لندن میں کورونا وائرس ٹسٹ کی سہولت اب گھروں میں فراہم کی جاسکے گی۔کٹ کے ذریعہ گھر بیٹھے 15منٹ میں ٹسٹ ہوجائے گا جبکہ کورونا وائرس کٹ امازون یاہائی اسٹریٹ سے خریدی جاسکے گی جس پر کام جاری ہے اور اس پر جلد عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔برطانوی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ برطانوی حکومت 35لاکھ کٹس خرید چکی ہے ، ٹسٹ کٹ سستے داموں دستیاب ہوگی۔یاد رہے کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لئے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے تین ہفتوں کے لئے مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کر رکھا ہے ۔