برطانیہ ہندوستان کو امریکہ و یورپی یونین کے مساوی درجہ دیگا:بورس جانسن

   

دونوں ممالک کے درمیان جاریہ سال دیوالی تک تجارتی معاہدہ کا نفاذ

لندن؍ نئی دہلی ۔ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے ہندوستان کو روس پر انحصار کم کرنے میں مدد کرنے کے لیے اقتصادی اور دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کی پیش کش کی۔ برطانیہ ہندوستان کو امریکہ اور یورپی یونین کے برابرمقام دینے کے لیے تیار ہے۔بورس جانسن نے ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ وفد کی سطح پر ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ ہندوستان کو مدنظر رکھتے ہوئے اوپن جنرل ایکسپورٹ لائسنس تیار کرنے پر کام کررہا ہے جس سے دفاعی ہتھیاروں کے حصول میں لگنے والا وقت کم ہوجائے گا اور بیورو کریسی کی رکاوٹوں میں کمی آئے گی۔برطانیہ نے فی الحال یہ لائسنس صرف امریکا اور یورپی یونین کودے رکھا ہے۔بورس جانسن نے کہا کہ دونوں ممالک ایک نئے اور وسیع تر دفاعی اور سیکورٹی پارٹنرشپ پر متفق ہوگئے۔ اور اس سال دیوالی تک ایک نیا آزاد تجارتی معاہدہ نافذ ہوجانے کی امید ہے۔وزیر اعظم مودی نے بورس جانسن کے ہندوستانی دورے کو تاریخی قرار دیا۔ برطانیہ کے وزیر اعظم کی حیثیت سے بورس جانسن کا ہندوستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔ اس موقع پر انہوں نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے تعلقات اس وقت جتنے مضبوط ہیں اتنے اس سے پہلے کبھی نہیں رہے۔قبل ازیں نئی دہلی میں برطانوی ہائی کمیشن کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ برطانیہ دفاع اور سیکورٹی کے تمام پانچوں شعبوں یعنی زمین، سمندر، فضا، خلا اور سائبر کو درپیش نئے اور پیچیدہ خطرات سے مقابلہ کرنے میں ہندوستان کو تعاون کی پیش کش کرے گا۔ برطانیہ بحیرہ ہند میں خطرات کی نشاندہی کرنے اور ان کے خلاف جوابی اقدامات کے لیے بھی ہندوستان کی ضرورتوں کو پورا کرنے میں مدد کرے گا۔