نئی دہلی ۔ دہلی ہائی کورٹ نے برطرف ٹرینی آئی اے ایس آفیسر پوجاکھیڈکرکی پیشگی ضمانت کی عرضی کو مسترد کردیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ پوجا کھیڈکر نے جس طرح کی دھوکہ دہی کی ہے وہ نہ صرف اس ادارے (یو پی ایس سی) کے ساتھ دھوکہ ہے بلکہ پورے سماج کے ساتھ دھوکہ ہے۔ اس لیے اس عرضی کو خارج کردیا جاتا ہے اورکھیڈکرکو دیا گیا عبوری تحفظ منسوخ کردیا جاتا ہے۔ پوجا پر سیول سروسزکے امتحان میں دھوکہ دہی اور او بی سی اور معذوری کوٹہ کے فوائد حاصل کرنے کا الزام ہے۔ اس الزام میں اسے گرفتارکیا گیا تھا۔ یو پی ایس سی نے ان کی امیدواری منسوخ کردی تھی۔ اسے ملازمت سے برخاست کردیاگیا اور اس کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔دہلی ہائی کورٹ نے سابق آئی اے ایس پروبیشنر پوجا کھیڈکر کی پیشگی ضمانت کی عرضی منظورکرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ یو پی ایس سی کو ایک باوقار امتحان سمجھا جاتا ہے۔ اس نے مزید مشاہدہ کیا کہ زیر بحث واقعہ نہ صرف ایک تنظیم کے خلاف بلکہ دھوکہ دہی کی نمائندگی کرتا ہے۔یو پی ایس سی نے 31 جولائی کو ان کی امیدواری منسوخ کر دی تھی۔ اس کے ساتھ ہی انہیں آئندہ امتحانات میں شرکت سے روک دیا گیا۔