دہرادون ۔ کورونا کے دور میں اترا کھنڈ میں ایک اور قدرتی آفت نے لوگوں کو مصیبت میں ڈال دیا ہے۔ جمعہ کو چمبولی ضلع کے سمنا علاقہ میں برفانی تودے گرنے سے سینکڑوں لوگ پھنس گئے ، جنہیں بچانے کیلئے فوج دن رات لگی ہوئی ہے۔ فوج کے مطابق اب تک 384 افراد کو بچایا گیا ہے اور انہیں محفوظ مقام پر لے جایا گیا ہے ، جن میں سے چھ لوگ سنگین حالت میں ہیں جبکہ 8 نعشیں برآمد کی گئی ہیں۔ دراصل گزشتہ پانچ دنوں سے مسلسل برفباری اور بارش کی وجہ سے سمنا کے نزدیک کل شام تقریبا چار بجے سمنا رمکھم روڈ سے چار کلو میٹر آگے برفانی تودہ گرگیا ، جس کی زد میں بارڈر روڈ آرگنائزیشن کا ایک دفتر اور دو لیبر کیمپ آگئے ۔ چونکہ فوج کے کیمپ متاثرہ علاقوں سے تین کلو میٹر کی دوری پر تھے تو راحت کا کام جلد شروع کردیا گیا ، لیکن بارش اور خراب موسم کی وجہ سے مسلسل امدادی کاموں میں رخنہ پڑتا رہا۔