برقراری امن پولیس کی ذمہ داری ، عوامی تعاون بھی ضروری

   

رمضان اور اُگادی کے پیش نظر صیانتی انتظامات کو قطعیت ، ضلع ایس پی نرمل کا انٹرویو

نرمل /19 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع نرمل میں رمصان المبارک کی آمد اور اُگادی کے پیش نظر مختلف حساس علاقوں میں پولیس کے فلیگ مارچ کئے گئے ہیں ۔ بہرصورت ضلع کے امن و امان کی برقراری ہماری ذمہ داری ہے ۔ تاہم پولیس کو عوامی تعاون ضروری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار نرمل ضلع ایس پی سی ایچ پروین کمار نے نمائندہ سیاست جلیل ازہر کو دئے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں یہ بات کہی ۔ انہوں نے کہا کہ رمضان اور اُگادی کے پیش نظر پولیس کے سخت انتظامات کو قطعیت دے دی گئی ہے ۔ تمام عبادت گاہوں کے پاس خصوصی دستے تعینات کئے جائیں گے ۔ سادہ لباس میں پولیس کی خصوصی پارٹیاں پٹرولنگ کریں گی ساتھ ہی شہریوں سے اپیل ہے کہ کوئی اجنبی شہری نظر آئیں تو پولیس کو مطلع کریں ۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ تیز رفتار گاڑیوں سے احتیاط کریں ۔ جوانی کے جوش میں تیز رفتار گاڑیاں چلانے کے رحجان نے کئی گھر اُجاڑے ہیں بلکہ نسل نو کے گاڑیوں کے شوق نے والدین کا سکون چھین لیا ہے ۔ نوجوانوں کو اس بات پر غور کرنے کی ضرورت ہے ۔ حادثات کی روک تھام کیلئے پولیس اپنا کام کر رہی ہے ۔پھر بھی حادثات کی اموات سے کئی گھر اجڑ رہے ہیں ۔ سرپرستوں کو بھی چاہئے کہ وہ کم عمر لڑکوں کو گاڑیاں چلانے نہ دیں اور قیمتی زندگیاں برباد ہونے سے روکیں ۔ ضلع ایس پی مسٹر سی ایچ پروین کمار مسلسل ٹریفک کے مسئلہ پر زیادہ توجہ مرکوز کرتے ہوئے حادثات کی روک تھام کے لئے بہت کوشاں ہے ۔ اب جبکہ رمضان المبارک کا مہینہ شروع ہونے پانچ دن باقی رہ گئے ہیں اس ضمن میں ریاپڈ ایکشن فورس قبل از وقت ضلع نرمل پہونچ گئی اور ضلع کے حساس علاقہ مستقر نرمل میں پولیس کا فلیگ مارچ بھی کیا گیا ۔ پولیس کی جانب سے لاء اینڈ آرڈر کی برقراری کیلئے قبل ازوقت ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ سڑک حادثات کی روک تھام کے علاوہ مختلف چوراستوں پر ٹو وہیلر گاڑیوں کی چکنگ ہر روز کی جارہی ہے ۔