برقی اور آبرسانی کے بلز معاف کئے جائیں چیف منسٹر کے سی آر کو ہنمنت راؤ کا مکتوب

   

حیدرآباد 18 اپریل (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں عوام کی پریشانیوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے تین ماہ کا برقی و آبرسانی بل معاف کرنے کی اپیل کی۔ ہنمنت راؤ نے کہاکہ موجودہ لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں عوام کو گھروں تک محدود کردیا گیا ہے۔ اگرچہ یہ اقدام اُن کے تحفظ کے لئے ہے لیکن وہ روزگار سے محروم ہوچکے ہیں۔ معاشی پریشانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اُن کے تعاون کے لئے آگے آئے۔ عوام لاک ڈاؤن کی صورتحال کو ایک چیلنج کے طور پر قبول کرچکے ہیں اور حکومت سے تعاون کررہے ہیں۔ ہنمنت راؤ نے 2 ہزار سے کم تک کے برقی بلز اور مارچ تا مئی کے آبرسانی بلز معاف کرنے کی اپیل کی۔ اُنھوں نے کہاکہ لاک ڈاؤن سے متاثرہ خاندانوں کے لئے یہ چیف منسٹر کی جانب سے ایک تحفہ رہے گا۔