ll محکمہ کے ملازمین، بینک اکاؤنٹ یا
ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈس کی تفصیلات
کبھی بھی حاصل نہیں کرتے
جی رگھوماریڈی
سی ایم ڈی، ٹی ایس ایس پی ڈی سی
حیدرآباد ۔ 31 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاور ڈسٹری بیوشن لمیٹیڈ کے سی ایم ڈی، جی رگھوماریڈی نے عوام کو خبردار کیا کہ برقی بلز ادائیگی سے متعلق فریبی کالس یا میسجس پر یقین نہ کریں۔ برقی صارفین کیلئے جاری کی گئی ایک ایڈوائزری (صلاح) میں انہوں نے کہا کہ ان کے علم میں یہ بات آئی ہیکہ بعض نامعلوم اشخاص زیرالتواء برقی بلز کی وصولی کی شکل میں صارفین کو دھوکہ دہی کے میسجس روانہ کررہے ہیں۔ یہ کالرس صارفین کو ڈائیل کرتے ہوئے انہیں یہ دھمکی دیتے ہیں کہ اگر وہ فوری طور پر بل ادا نہیں کئے تو ان کی برقی سربراہی منقطع کردی جائے گی۔ وہ لوگ صارفین کے بینک اکاؤنٹس، کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈس کی تفصیلات بھی حاصل کررہے ہیں اور ان کے اکاؤنٹس سے رقم نکال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کے ملازمین کبھی بھی صارفین کے بینک اکاؤنٹس، کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈس کی تفصیلات حاصل نہیں کرتے ہیں۔ TSSPDCL کی جانب سے بلز کی ادائیگی کیلئے ایس ایم ایس کے ذریعہ کوئی ویب سائیٹ لنک روانہ نہیں کیا جاتا ہے۔ یہ صرف ماہ جاریہ کابل اور بقایہ جات کی تفصیلات ہی صارفین کو بھیجتا ہے۔ بل ادائیگی سے متعلق کسی شکایتوں کی صورت میں صارفین ان کی شکایتیں آن لائن درج کرواسکتے ہیں اور ان کی شکایت کے ازالہ کیلئے سیکشن آفیسر (اے ای) سے ربط پیدا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی راتوں رات برقی سربراہی منقطع نہیں کرسکتی۔ رگھوماریڈی نے صارفین سے اپیل کی کہ وہ ان کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات نہ دیں اور برقی بلز کی ادائیگی کیلئے مشتبہ لنکس کو اختیار نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ صارفین، اگر اس طرح کی کوئی مشتبہ حرکتیں ہوں تو اس کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرواسکتے ہیں۔
