ٹرانسکو عہدیداروں کی کارکردگی سے عوام پریشانی کا شکار
کاماریڈی :11؍ جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاماریڈی منڈل کے موضع اسنوجی واڑی کے ایک شخص کو 7 لاکھ روپئے کا برقی بل آنے پر متعلقہ شخص نے پریشان ہوکر فوری محکمہ ٹرانسکو کے عہدیداروں سے دریافت کیا تو ٹرانسکو کے عہدیداروں نے غلطی کا اعتراف کیا ۔ تفصیلات کے بموجب لاک ڈائون کی وجہ سے گذشتہ تین ماہ سے برقی بلز کی ادائیگی نہیں کی جارہی تھی اور میٹر ریڈنگ بھی نہیں کی جارہی تھی ۔ لاک ڈائون کے بعد کاماریڈی کے اسنوجی واڑی کے سرینواس کو 7,29.471/- لاکھ روپیوں کا بل دیا گیا جس پر سرینواس نے پریشانی کا اظہارع کرتے ہوئے ٹرانسکو کے عہدیداروں سے ربط پیدا کیا ۔ سرینواس نے بتایا کہ جس کے پاس ایک فیان اور دو لائٹس اور ایک ٹیوب لائٹ ہے ہر ماہ 200 تا 400 روپئے کے درمیان برقی بل آیا کرتا تھا لیکن 18؍ فروری سے 9؍ جون تک 76871 یونٹ برقی استعمال کیا تھا جبکہ گذشتہ سال 21؍ فروری سے 18؍ جون تک 65 یونٹ برقی استعمال کیا تھا اور 414 روپئے بل ادا کیا تھا لیکن لاک ڈائون کے دوران استعمال شدہ برقی بل پر 7لاکھ روپئے کا بل آنے پر اس نے ٹرانسکو کے عہدیداروں سے ربط پیدا کرنے پر بتایا کہ غلطی سے یہ بل آیا ہے دوبارہ اس کی صحیح کی جائے گی اور نیا بل فراہم کیا جائیگا۔
