برقی بل کی آن لائن ادائیگی کی سہولت

   

ماہ مارچ کے بل کی رقم ہی اپریل و مئی کے لیے ادا کی جاسکتی ہے
حیدرآباد ۔ 11 اپریل (سیاست نیوز) لاک ڈاؤن کے سبب برقی بلز کی ادائیگی کے متعلق عوام میں تشویش پائی جاتی ہے۔ کئی حلقوں میں برقی بلز کی معافی کے چرچے جاری ہیں تو کئی حلقوں میں ادائیگی کا مسئلہ موضوع بحث بنا ہوا ہے۔ تاہم اس دوران برقی بورڈ بلز کے متعلق آن لائن ادائیگی کے تعلق سے مطمئن ہوچکا ہے اور آن لائن ادائیگی کو قبول کیا جارہا ہے۔ بورڈ کا ماننا ہیکہ اب سوائے آن لائن ادائیگی کے کوئی اور راستہ نہیں ہے اور کئی شہریوں کو برقی بلز کی ادائیگی کے تعلق سے ایس ایم ایس بھی حاصل ہوچکے ہیں۔ تاہم اب سوال یہ پیدا ہورہا ہیکہ آیا بغیر میٹر ریڈنگ کے بلز کی آن لائن ادائیگی کیسے ممکن ہوگی یعنی کس حساب سے بلز کو ادا کرنا ہوگا۔ تاہم ان خدشات کو بھی دور کرتے ہوئے برقی کے عہدیداروں نے اعلان کیا ہیکہ مارچ کے بلز کے لحاظ سے آئندہ ایک ماہ کا برقی بل خود بخود تیار (جنریٹ) ہوجائے گا۔ اس لحاظ سے برقی بلز کی معافی یا پھر ادائیگی میں تاخیر کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہ جاتی بلکہ جس نے مارچ میں جو بل ادا کیا تھا اب اپریل اور مئی میں بھی اتنا ہی بل ادا کرنا پڑے گا۔ ایسا نہیں کہ لاک ڈاؤن کے بعد اس کا حساب نہیں کیا جائے گا بلکہ برقی بورڈ ایک ایک یونٹ کا حساب رکھتا ہے اور لاک ڈاؤن کے بعد برقی محکمہ کا عملہ معمول کی طرح میٹر ریڈنگ حاصل کریگا اور اپریل اور مئی کے مہینے کے بلز تیار کئے جائیں گے جبکہ ان بلز میں آن لائن ادا کئے گئے اپریل اور مئی کے بلز کا حساب رکھا جائے گا۔ اگر کوئی شہری اپریل اور مئی کے مہینے کے بلز ادا کردیئے ہوں اور اس نے ریڈنگ سے زیادہ قیمت ادا کی ہو تو آئندہ ماہ کے بل میں اس رقم کو شامل کرتے ہوئے زائد ادا کی گئی رقم کا حساب برابر کیا جائے گا اور اس طرح کسی نے کم ادا کی ہو تو اس رقم کو بقایا جات میں شامل کیا جائے گا۔ برقی بورڈ لاک ڈاؤن کی مدت کو دیکھتے ہوئے 30 دن کی مدت پر مشتمل بلز کی تیاری کو اہمیت دے رہا ہے۔