ایل ای ڈی بلبس کے استعمال کی تجویز، برقی بچت کیلئے ایوارڈز کی پیشکشی
حیدرآباد۔/19 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے ہر سطح پر برقی توانائی کی بچت کے بارے میں شعور بیداری کی ضرورت ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو اپنی ذمہ داری کے طور پر یہ کام انجام دینا چاہیئے۔ برقی توانائی کا ضائع کرنا مستقبل میں قلت کا سبب بن سکتا ہے۔ گورنر نے کہا کہ برقی کی بچت اور برقی کے بہتر استعمال کے علاوہ توانائی کے تجدیدی ذرائع کو فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ ملک آئندہ 25 برسوں میں توانائی کے شعبہ میں خود مکتفی بن سکے۔ گورنر آج تلنگانہ اسٹیٹ انرجی کنزرویشن ایوارڈز تقریب سے خطاب کررہی تھیں۔ اسٹیٹ رینوبل انرجی ڈیولپمنٹ کارپوریشن نے اس کا اہتمام کیا تھا۔ گورنر نے کہا کہ برقی توانائی کی بچت کا پہلے اپنے گھروں سے آغاز ہونا چاہیئے جس کے بعد ملک میں از خود توانائی کی بچت ہوگی اور قومی سطح پر بڑھتی حدت پر قابو پایا جاسکے گا۔ گورنر نے برقی کی پیداوار کے متبادل ذرائع تلاش کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ فیول کے استعمال پر انحصار کم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ برقی کی بچت اور بہتر استعمال اہمیت کا حامل ہے۔ ایک یونٹ برقی کی بچت سے اس کی طلب میں کمی کی جاسکتی ہے۔ گورنر نے ایل ای ڈی بلبس کے استعمال اور برقی بچت سے متعلق آلات کے ہر سطح پر استعمال کی تجویز پیش کی۔ گورنر نے برقی شعبہ میں تلنگانہ حکومت کے اقدامات اور ہریتا ہارم پروگرام کے ذریعہ سرسبزی و شادابی میں اضافہ کی ستائش کی۔ انہوں نے کارپوریشن کو مشورہ دیا کہ وہ برقی کی پیداوار کے متبادل ذرائع تلاش کریں۔ اسپیشل چیف سکریٹری سنیل شرما، جینکو اور ٹرانسکو کے منیجنگ ڈائرکٹر ڈی پربھاکر راؤ، کارپوریشن کے صدرنشین محمد عبدالعلیم و دیگر موجود تھے۔ر