کانگریس اور بی جے پی ارکان پارلیمٹ و اسمبلی اجلاس میں شریک، سولار اینرجی کی حوصلہ افزائی کی تائید
حیدرآباد : 17 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ کے اہم سیاسی قائدین نے سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر ریاست میں متبادل برقی کی تیاری اور خاص طور پر سولار اینرجی کی حوصلہ افزائی کے مسئلہ پر منعقدہ اجلاس میں شرکت کی۔ ملک میں برقی تیاری کے متبادل ذرائع تلاش کرنے کی مہم جاری ہے۔ اس پس منظر میں حیدرآباد میں اجلاس طلب کیا گیا جس میں ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی اور ارکان کونسل نے شرکت کی جن کا تعلق مختلف سیاسی پارٹیوں سے ہے۔ قائدین نے کلین اینرجی پالیسی پر عمل آوری کی تائید کی تاکہ ماحولیاتی تحفظ کے ذریعہ برقی کے متبادل امکانات تلاش کئے جاسکیں۔ تلنگانہ حکومت نے سولار اینرجی کی حوصلہ افزائی کا فیصلہ کیا ہے۔ ملک کی کئی ریاستوں اور دیگر ممالک میں سولار اینرجی کی تیاری پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ خانگی رضاکارانہ تنظیم کی جانب سے اجلاس طلب کیا گیا۔ شریمتی اوما بھٹاچاریہ نے تفصیلات سے واقف کرایا۔ اجلاس میں شرکت کرنے والے ارکان پارلیمنٹ میں بلرام نائک، کونڈا وشویشور ریڈی، ڈاکٹر ملو روی، رگھورام ریڈی، کرن کمار ریڈی، ارکان اسمبلی بی ایلیا، کے راجیش ریڈی، انل کمار ریڈی، کے ستیہ نارائنا، ایم سامیول، میگھا ریڈی، راجندر ریڈی، آدی نارائنا، وی ویریشم اور رکن کونسل وینکٹ نرسنگ رائو شامل ہیں۔1