برقی خریدی معاہدات پر تحقیقاتی کمیشن کی میعاد جاریہ ماہ ختم ہوگی

   

جسٹس مدن بی لوکور کو 3 ماہ کی توسیع کا امکان
حیدرآباد 10 اکٹوبر (سیاست نیوز) سابق بی آر ایس دور حکومت میں چھتیس گڑھ سے برقی خریدی معاہدات اور یادادری و بھدرادری تھرمل پاور پراجکٹس کی تعمیر میں مبینہ بے قاعدگیوں کی جانچ کرنے والے جسٹس مدن بی لوکور کمیشن کی میعاد جاریہ ماہ ختم ہورہی ہے۔ حکومت نے مدن بی لوکور کو ڈھائی ماہ قبل کمیشن کا سربراہ مقرر کیا تھا۔ سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد حکومت نے کمیشن کے سربراہ کو تبدیل کیا۔ اب جبکہ کمیشن کی میعاد 31 اکٹوبر کو ختم ہورہی ہے، حکومت کی جانب سے تاحال کوئی وضاحت نہیں کی گئی کہ آیا تحقیقاتی کمیشن کا مستقبل کیا ہوگا۔ جسٹس ایل نرسمہا ریڈی اِس معاملہ کی جانچ کررہے تھے لیکن بی آر ایس سربراہ کے سی آر نے سپریم کورٹ میں تحقیقات کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔ جسٹس نرسمہا ریڈی کے میڈیا میں بیانات پر سپریم کورٹ نے کمیشن کا سربراہ تبدیل کرنے کی ہدایت دی تھی۔ جسٹس مدن بی لوکور کو 30 جولائی کو مقرر کیا گیا اور اُنھیں 3 ماہ کی مہلت دی گئی۔ جسٹس لوکور نے برقی خریدی معاہدات اور تھرمل پراجکٹس کے قیام میں مبینہ بے قاعدگیوں کی جانچ کا آغاز کیا لیکن ابھی رپورٹ پیش کرنے کا مرحلہ نہیں آیا ہے۔ کمیشن نے سابق چیف منسٹر کے سی آر کو طلب کرنے کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا جبکہ جسٹس نرسمہا ریڈی نے کے سی آر کو نوٹس جاری کی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت تحقیقاتی کمیشن کی میعاد میں مزید 3 ماہ کی توسیع کرسکتی ہے۔ 1