برقی خریدی میں دھاندلیاں، سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ

   

چیف منسٹر اپوزیشن کے سوالات کا جواب دیں، ڈاکٹر ملو روی کی پریس کانفرنس

حیدرآباد ۔ 30 ۔ اگست (سیاست نیوز) نائب صدر پردیش کانگریس کمیٹی ڈاکٹر ملو روی نے برقی خریداری میں بڑے پیمانہ پر دھاندلیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ملو روی نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات کا جواب چیف منسٹر یا وزراء کی جانب سے دیا جانا چاہئے جبکہ جینکو کے مینجر ڈائرکٹر پربھاکر راؤ نے ریونت ریڈی کا جواب دیا جو کافی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پربھاکر راؤ نے جس انداز سے حقائق کو جھٹلانے کی کوشش کی ، اس پر ریونت ریڈی کو سی بی آئی تحقیقات کی مانگ کرنی پڑی ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بدعنوانیوں پر مباحث کو پس پشت ڈالنے کیلئے کے سی آر ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیدار پربھاکر راؤ کا استعمال کر رہے ہیں۔ ملو روی نے کہا کہ رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے کیا ریونت ریڈی کو کرپشن پر سوال کرنے کا حق حاصل نہیں ہے ۔ حکومت کی بے قاعدگیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے حکومت برقی ملازمین کے ذریعہ احتجاج کا ڈرامہ کر رہی ہے ۔ برقی کے عہدیدار ریونت ریڈی کی قیامگاہ سے کنکشن منقطع کرنے کی دھمکی دے رہے ہیں۔ کیا حکومت سے سوال کرنے پر اس طرح کی کارروائی کی جاسکتی ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ اپوزیشن کے سوالات کا تشفی بخش جواب دیں۔ بجائے اس کے کہ جوابی الزامات عائد کئے جائیں۔ ملو روی نے کہا کہ پربھاکر راؤ اپنی غلطیوں کو چھپانے کیلئے برقی ملازمین کے ذریعہ دھرنا کرا رہے ہیں۔ ریونت ریڈی نے تنہا الزامات عائد نہیں کئے بلکہ کانگریس پارٹی کے نمائندے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برقی خریدی میں چونکہ دھاندلیاں ہوئی ہیں ، لہذا حکومت اور حکومت میں شامل افراد خاموش ہیں۔ کانگریس نے کبھی بھی پربھاکر راؤ کی شخصیت کے بارے میں کچھ نہیں کہا ۔ برقی ملازمین اور کانگریس قائدین کے درمیان کوئی تنازعہ بھی نہیں ہے لیکن اصل مسئلہ سے توجہ ہٹانے کیلئے احتجاج کا راستہ اختیار کیا گیا ۔ ملو روی نے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے سرکاری محکمہ جات میں بلز کی ادائیگی روک دی گئی اور ترقیاتی کام ٹھپ ہوچکے ہیں۔