ثبوت آج پیش کروں گا، سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ: ریونت ریڈی
حیدرآباد ۔ 28 ۔ اگست (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی نے برقی کی خریدی میں ہزاروں کروڑ کی بے قاعدگیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے مرکز سے اس معاملہ کی سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کیا ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ برقی خریدی میں بے قاعدگیوں سے متعلق ثبوت و جمعرات کو جاری کریں گے اور مرکزی وزارت داخلہ سے سی بی آئی تحقیقات کیلئے نمائندگی کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور ٹی آر ایس ایک دوسرے کے مفادات کے تحفظ کیلئے کام کر رہے ہیں ۔ بی جے پی صدر ڈاکٹر لکشمن نے برقی خریدی میں ایک ہزار کروڑ کی دھاندلیوں کا الزام عائد کیا تھا لیکن جینکو کے مینجنگ ڈائرکٹر پربھاکر راؤ اور ریاستی وزیر کے ایشور کے چیلنج پر خاموش ہوگئے ۔ ان دونوں نے الزامات ثابت کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ان کے پاس بے قاعدگیوں سے متعلق ٹھوس ثبوت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ یادادری پراجکٹ کے 32,000 کروڑ کے کام اوپن ٹنڈر کے بجائے نامینیشن کی بنیاد پر الاٹ کئے گئے ۔ بی ایچ ای ایل کو کام الاٹ کرنے کے بجائے چیف منسٹر نے اپنے رشتہ داروں کو کام منظور کیا۔ جینکو کے اعلیٰ عہدیدار پربھاکر راؤ نے جن کاغذات پر دستخط کئے ، ان کے ذریعہ کے سی آر کو کمیشن دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جس عہدہ پر سینئر آئی اے ایس عہدیدار کو مقرر کرنا ہے ، وہاں پربھاکر راؤ جیسے ریٹائرڈ عہدیدار کو کیوں رکھا گیا ہے۔ ریونت ریڈی نے بتایا کہ جھارکھنڈ میں بی ایچ ای ایل نے 17 فیصد تخفیف کے ذریعہ کنٹراکٹ حاصل کیا لیکن یہاں نامینیشن کی بنیاد پر کام الاٹ کیا گیا جس سے 6000 کروڑ کا نقصان ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی ایک دوسرے کے مفادات کی نگہبانی کر رہے ہیں۔ گلی میں لڑائی اور دلی میں دوستی کا ڈرامہ بند کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سی بی آئی تحقیقات کے ذریعہ حقائق منظر عام پرلاتے ہوئے خاطیوں کو سزا دی جائے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کے سی آر کو قابو میں رکھنے کیلئے بی جے پی بلیک میل کر رہی ہے۔ ریونت ریڈی کے مطابق کے سی آر کے سہارا انڈیا اسکام اور ای ایس آئی ہاسپٹل اسکام کی جانچ کے لئے ششی دھر ریڈی کی قیادت میں کانگریس پارٹی نے کمیٹی قائم کی ہے۔ آبپاشی پراجکٹس میں بے قاعدگیوں کی جانچ کیلئے اتم کمار ریڈی اور بھٹی وکرمارکا کو ذمہ داری دی گئی۔ برقی خریدی میں بے قاعدگیوں کے سلسلہ میں ریونت ریڈی کی قیادت میں کمیٹی تشکیل دی گئی جو بہت جلد حقائق منظر عام پر لائے گی۔
