برقی سربراہی کی شکایات کو فوری دور کرنے اسسٹنٹ انجنیئرس کو ہدایت

   

حیدرآباد ۔ 11 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) صدرنشین و مینجنگ ڈائرکٹر سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی لمٹیڈ مشرف فاروقی آئی اے ایس نے اسسٹنٹ انجنیئرس کو ہدایت دی کہ وہ عوامی شکایات کی فوری یکسوئی کو اولین ترجیح دیں۔ انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ انجنیئرس کو اپنے حدود میں برقی سربراہی کا شخصی طور پر جائزہ لینا چاہئے ۔ سلم علاقوں اور کالونیوں میں ہفتہ میں کم از کم دو مرتبہ دورہ کرتے ہوئے برقی صارفین سے ربط قائم کرنا چاہئے ۔ مشرف فاروقی نے 180 اسسٹنٹ انجنیئرس کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جن کا تعلق رنگا ریڈی اور میڑچل کے مختلف شعبہ جات سے ہے۔ انہوں نے اسسٹنٹ انجنیئرس سے راست طور پر بات چیت کی اور زائد شکایات کی وصولی کے علاقوں میں حائل دشواریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں عوامی شکایات کی یکسوئی میں تساہل کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ برقی ملازمین کو صارفین کے ساتھ دوستانہ ماحول میں بات چیت کرتے ہوئے بہتر ماحول پیدا کرنا چاہئے تاکہ محکمہ برقی پر عوام کا اعتماد مستحکم ہو۔ عوام میں یہ تاثر پیدا کیا جائے کہ حکومت اور محکمہ برقی ان کے مسائل کے حل میں سنجیدہ ہے ۔ مشرف فاروقی نے تنگ گلیوں اور سلم علاقوں میں برقی کھمبوں سے لائین کے بجائے زیر زمین کیبل بچھانے کا مشورہ دیا۔ اجلاس میں ڈائرکٹرس ڈاکٹر نرسمہلو ، شیواجی ، چکراپانی ، وینو گوپال اور دوسروں نے شرکت کی۔1